تازہ ترینسیاست

پامیر وزڈم پارٹی کے نام سے نئی سیاسی پارٹی کی لانچنگ..چترالی عوام بنیادی تبدیلی کا خواہان ہیں..شہزادہ ابراہیم

چترال (نمائندہ آوازچترال) پامیر وزڈم پارٹی کے نام سے نئی سیاسی پارٹی کی لانچنگ منگل کے رو ز چترال میں ہوئی جس کا اعلان شہزادہ ابراہیم نے منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی کے بانی چیرمین کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ

چترالی عوام بنیادی تبدیلی کا خواہان ہیں تاکہ ان کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ ہو اور اس پارٹی کا قیام اس عظیم مقصد کی طرف پہلا قدم ہے جس کی شدید ضرورت ایک مدت سے محسوس کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پامیر وزڈم پارٹی بہت جلدہی مقبولیت کے عروج پر پہنچ جائے گی اور اگلے بلدیاتی انتخابات سمیت 2023ء کے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے کر ایسے افراد کو سامنے لائے جائیں گے جوکہ اپنی انتخاب کے بعد عوام کو ڈیلیور بھی کرسکیں گے اور ان کے دامن کو مایوسی کی بجائے امید اور خوشحالی سے بھر دیں گے۔ شہزادہ ابراہیم نے کہاکہ ا ب تک چترال کے عوام ایسی پارٹیوں کو ووٹ دیتے آرہے تھے جن کے مراکز چترال سے باہر کہیں اور واقع تھے لیکن پامیر وزڈم پارٹی کا مرکز چترال میں ہوگا اور پارٹی کے معاملات چترال کے اندر ہی طے پائیں گے۔ انہوں نے چترال

کی سطح پر سیاسی جماعت کی ضرورت بیان کرتے ہوئے کہاکہ اب تک چترالی عوام عام انتخابات میں کبھی بھی صحیح فیصلہ نہ کرسکے جس کے نتیجے میں وہ ہمیشہ حزب اختلاف کے امیدوار کو پارلیمنٹ بھیجا اور ہر وقت خسارے میں رہے لیکن پامیر وزڈم پارٹی کے پلیٹ فارم سے منتخب ارکان اسمبلی ہمیشہ حزب اقتدار کے ساتھ شامل ہوکر ٹریژری بنچوں میں بیٹھ کر علاقے کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی بہترین مفاد میں ہمیں اپنے اپنے سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر اس پارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوناپڑے گا جوکہ وقت کا تقاضا ہے اور جس کے ساتھ ہمارے اس محروم اور پسماندہ علاقے کی ترقی کا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کہاوت کے مطابق ہزار میل کاسفر میں انہوں نے اس پارٹی کو قائم کرکے پہلا قدم اٹھالیا ہے اور بہت جلد ہی یہ اس علاقے میں بسنے والے ہر ایک فرد

کی دل کا آواز بن کر ابھرے گا اور علاقے میں ترقی وخوشخالی کا نقیب ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی کی تنظیم کے لئے حمید علی شاہ کو عبوری صدربنانے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں گراس روٹ لیول پر پارٹی کو منظم کرنے کا ٹاسک دے دیا۔پامیر وزڈم پارٹی کے چیرمین نے کہاکہ پامیر کی تاریخ سے اس علاقے کا گہرا تعلق ہے جوکہ تہذیب وتمدن اور علم کا گہوارا رہا ہے اور اس نام پر سب مجتمع ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کا جھنڈا سفید، سبز اور بینگنی رنگوں پرمشتمل ہے جوکہ امن، علاقے کی تہذیب وتمدن اور علم و فضل کا عکاس ہیں۔ اس موقع جماعت اسلامی ایون کے امیر عنایت اللہ اسیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ

قیام پاکستان کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں اہالیاں چترال نے دے دی ہیں جن میں اسکردو کا فتح بھی شامل ہے لیکن اس کے باوجود یہاں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہے اور عوام ہمیشہ سے بنیادی سہولیات سے محروم رہے۔ انہوں نے شہزادہ ابراہیم کی طرف سے پارٹی کی بنیاد رکھنے کو تبدیلی کانقطہ آعاز قرار دیتے ہوئے تمام چترالیوں پر زور دیاکہ وہ علاقے کی ترقی کے لئے اس کے پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔ سید حریر شاہ، سید برہان شاہ ایڈوکیٹ اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button