23 مارچ کے بعد ایک اور عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد ( آوازچترال رپورٹ) 23 مارچ کے بعد ایک اور عام تعطیل کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جڑواں شہروں کی عوام کو رواں ماہ کے دوران ایک اور عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جڑواں شہروں میں 23 مارچ یوم پاکستان کے علاوہ 25 مارچ کو بھی عام تعطیل ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ یوم پاکستان کی پریڈ کے سلسلے میں جڑواں شہروں کی عوام کو جمعرات 25 مارچ کو عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر شیڈول پریڈ موسم کی خرابی کے باعث 25 مارچ تک مؤخر کردی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ موسم کی خرابی اور اگلے 2 روز تک بارش کی پیش گوئی کے باعث یوم پاکستان پریڈ ری شیڈول کر دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جوائنٹ سروس پاکستان ڈے پریڈ اب 25 مارچ 2021 کو پروگرام کے مطابق ہوگی اور اوقات پہلے ہی واضح کیے گئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب 81 واں یوم پاکستان کل منگل کو ملی جوش وجذبے اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کااعلان کیا جا چکا ۔ ملک بھر میں کورونا ایس اوز پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے تقریبات منعقد کی جائیں گی،تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ 23مارچ کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس دن کے حوالے سے ریڈیو پاکستان،پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میں یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق سر علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ مگرپر وقار تقریبات منعقدہوںگی۔ یاد رہے 23مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، 23مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک(اقبال پارک) میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی جبکہ سال1956ء میں اسی روز پاکستان کا پہلا آئین منظور ہوا اور مملکت پاکستان پہلا اسلامی جمہوریہ پاکستان بنا۔