تازہ ترین

جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا، پی ٹی آئی حکومت نے اسے پشاور بی آرٹی کا ٹھیکا دے دیا گیا، شہباز شریف کا دعویٰ

لاہور ( آوازچترال ) مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا، حکومت نے اسے پشاور بی آر ٹی کا ٹھیکا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا اس کو پشاور بی آرٹی بس کا ٹھیکا دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ ریفرنس پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ایک بلیک لسٹ کی گئی کمپنی کو بی آر ٹی کا ٹھیکا کیوں دیا گیا۔ جیل حکام نے شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا، دوران سماعت شہباز شریف کے دو شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلا نے جزوی دلائل مکمل کیے۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ وہ بے قصور ہیں، جھوٹا کیس سنتا ہوں تو رہا نہیں جاتا، جھوٹے کیس سے عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے،کرپشن کرنے والوں کو خود اینٹی کرپشن کے حوالے کیا، ڈکیتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی، کرپشن ختم کرنے کے لیے دن رات کام کیا، قوم کو فخر ہونا چاہیے بعض اوقات کرپشن روکنے میں کامیابی ملتی ہے اور بعض دفعہ ناکامی بھی ہوتی ہے۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں رش ہونے پر فاضل جج نے ناراضی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیےکورونا کی وجہ سے حالات بہت برے ہیں،خدانخواستہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، عدالت نے تمام غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے کے آغاز کے وقت سے ہی اِس میں کئی تکنیکی مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ منصوبے کے آغاز کے بعد بھی پشاور بی آر ٹی بسوں میں متعدد مرتبہ آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے، بعض بسیں تو چلتے چلتے رک گئیں اور مسافروں کی جانب سے بس کو دھکا لگانے اور کرین کی مدد سے خراب بس کو منتقل کرنے کی ویڈیوز بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخواہ حکومت پر بی آر ٹی بس میں کرپشن کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button