تازہ ترین

سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کا منحرف ارکان پر حملہ

 کراچی  (آوازچترال ) سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے اپنی ہی پارٹی کے منحرف ارکان پر حملہ کردیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے 3 باغی ارکان کریم بخش گبول، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی، حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جب کہ پی ٹی آئی کے پہلے سے موجود اراکین نے شور شرابا شروع کردیا۔ صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب تحریک انصاف کے ارکان نے اپنے منحرف ارکان پر ہی حملہ کردیا۔ اسی دھکم پیل کے دوران کریم بخش گبول کا گریبان پھٹ گیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ارکان بیچ بچاؤ کے لئے آگئے۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔ شہریار شر اور اسلم ابڑو نے اسمبلی کے باہر پی پی پی ارکان کے ساتھ   میڈیا کے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے دیہی سندھ اور سینیئر رہنماؤں کو نظر انداز کیا، جب سینیئرلوگ موجود ہیں تو فیصل واوڈا کو کیوں ٹکٹ دیا گیا۔ میں ڈھائی برس گورنر کے سامنے چلاتا رہا کہ سندھ میں ترقیاتی کام کریں۔ انہیں اغوا نہیں کیا گیا اور وہ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔ دوسری جانب اسپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی مقدس ایوان ہے، اس ایوان میں اس قسم کے واقعات رونما ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے تینوں اراکین نے سینیٹ الیکشن میں پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button