تازہ ترین

سیٹل منٹ کے جملہ معاملات کو 1975 کی نوٹیفکیشن کی روشنی میں حل کیا جائے۔,,..جماعت اسلامی ضلع چترال

چترال(نمائندہ  آوازچترال)جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کی مجلس شوریٰ کا اجلاس آج مورخہ 28 فروری 2021 کو، امیر جماعت اسلامی چترال اخونزادہ رحمت اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معمول کی کارروائی کے علاوہ درج ذیل قرارداد متفقہ طورپر پاس ہوئی۔ اول یہ کہ چترال میں قابل کاشت اراضی کی بہت قلت ہے اور مستقل قریب میں لوگوں کو رہائشی مکانات تعمیر کرنے میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اس صورت حال میں دیہات کے ساتھ ملحق غیر آباد شاملات کو سرکاری قرار دینا عوام الناس کو بے گھر کرنے کے مترادف ہے۔ لہٰذا جماعت اسلامی چترال کی مجلس شوریٰ مطالبہ کرتی ہے کہ سیٹل منٹ کے جملہ معاملات کو 1975 کی نوٹیفکیشن کی روشنی میں حل کیا جائے۔ مزید یہ کہ سیٹلمنٹ کے معاملے میں بہت سارے قانونی اسقام اور پچیدگیاں ابھی باقی ہیں اوران کی تنقیح میں عرصہ لگ سکتا ہے ، لہٰذا یہ بھی مطالبہ کیا جاتا ہے کہ 31 مارچ کو ریکارڈ کی حوالگی کے فیصلے کو جملہ معاملات کی تنقیح تک موخر کردیا جائے۔ جس کے لیے کم از کم ایک سال کا عرصہ لازما درکار ہوگا۔ دوم جماعت اسلامی کی ضلع مجلس شوریٰ چترال کے لیے منظور شدہ گیس پلانٹ منصوبے کے خاتمہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرکے مذکورہ منصوبوں کو بحال رکھا جائے۔ کیونکہ چترال میں سوختنی لکڑی کی قلت کی وجہ سے عوام الناس کو کئی مسائل درپیش ہیں اور دوسری طرف اس ضرورت کی وجہ سے جنگلات کی بے دریغ کٹائی سارا سال جارہی رہتی ہے اور حکومت کی جانب سے ان منصوبوں کے خاتمہ کے فیصلے سے عوام الناس غم و غصہ میں مبتلا ہیں اور حکومت کے خلاف میدان میں نکل سکتے ہیں ۔ لہٰذا اس فیصلے پر بھی لازما نظر ثانی کی جائے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button