تازہ ترین

پی ٹی آئی کا ظہرانہ ، اہم حکومتی اتحادی نے شرکت نہ کی ، سینیٹ الیکشن سے پہلے چہ مگوئیاں شروع

کراچی ( آوازچترال ) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں دعوت ملنے کے باوجود ایم کیو ایم پاکستان نے شرکت نہ کی۔ تفصیلات کے مطابق 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن سے پہلے اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ملاقاتوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے ، اسی سلسلے میں کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کو بھی دعوت دی گئی ، تاہم پی ٹی آئی کی اس دعوت پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی ظہرانے میں شریک نہ ہوا جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی طرف سے صدرجی ڈی اے صدرالدین راشدی نے دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما مولوی محمود نے بتایا کہ تمام حکومتی اتحادیوں کو ظہرانے میں شرکت کی دعوت دی گئی تاہم ایم کیو ایم کا وفد مصروفیت کے باعث نہیں آسکا۔   اس ضمن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق تمام جماعتیں اپنے طور پر سینیٹ انتخابات کی تیاری میں مصروف ہیں ، اسی لیے ایم کیو ایم ارکان صوبائی اسمبلی بھی اپنی تنظیمی مصروفیت کے باعث پی ٹی آئی ظہرانے میں شریک نہیں ہوسکے۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو سینیٹ نشست اور وزارت دینے کی پیشکش کردی ، کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم فائدہ چاہتی ہے تو ہمارے ساتھ آئے ورنہ مقابلہ ہوگا ، پیپلز پارٹی کا حصہ بننے پر ایم کیو ایم کو وزارت مل سکتی ہے جب کہ ہمارے پاس سینٹ کی اضافی سیٹ بھی ہے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے دوست ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button