تازہ ترین

عامر لیاقت کا سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو ووٹ دینے سے انکار، فردوس کی شدید تنقید

اسلام آباد ( وازچترال ) سینیٹ میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف سندھ خفا ہوگئی جس پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا، اب بعض نامزد امیدواروں سے ٹکٹ واپس لیے جانے کا امکان ہے، عامر لیاقت نے حفیظ شیخ کو ٹکٹ دینے پر اعتراض کردیا جس پر فردوس عاشق نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر بلوچستان کے بعد پی ٹی آئی سندھ میں بھی اختلافات سامنے آگئے جس کے بعد وزیراعظم نے پارٹی کے بڑوں سے مشاورت شروع کردی۔ سینیٹ ٹکٹوں میں تبدیلی سے متعلق پارلیمانی بورڈ نے اپنی تجاویز پیش کردیں تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے پہلوانوں کا اعلان کردیا ہے، امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، وزیرخزانہ حفیظ شیخ کا نام پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی کے اندر سے ہی انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئیں، ایم این اے عامر لیاقت حسین نے ان کے نام پر اعتراض کردیا۔ ایک انٹرویو میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ حفیظ شیخ کو تب ووٹ دیں گے جب وہ پارٹی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔   وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو معاملے کا پتا چلا تو انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت اپنی اداؤں پر غور کریں، کچھ کہا تو شکایت ہوگی اس لیے بہتر ہے عامر لیاقت پارٹی ڈسپلن کو فالو کریں۔ اسی طرح پشاور کے ارکان قومی اسمبلی کو بھی مشاورت میں شامل نہ کرنے کا گلہ ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ان کی شکایات دور کرنے کے لیے متحرک ہوگئے۔ دریں اثنا وفاقی دارالحکومت کی دونشستوں کے لیے نو امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں پی ٹی آئی کے حفیظ شیخ، علی بخاری، فرید رحمان، فوزیہ ارشد، منیرہ جاوید جبکہ (ن) لیگ کے طارق فضل چوہدری، فرح اکبر، فرزانہ اور پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی شامل ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button