سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر عمران خان اور پرویزخٹک میں اختلافات
اسلام آباد (آوازچترال ) سینیٹ انتخابات کے معاملے پر جہاں اُمیدواروں کے ناموں پر کئی اختلافات سامنے آئے وہیں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے مابین بھی سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر اختلافات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافی طارق آفاق نے کہا کہ سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر عمران خان اور پرویزخٹک میں اختلافات تھے۔ پرویزخٹک اپنے قریبی ساتھی دلروز کے لیے ٹکٹ لینے پر بضد تھے ۔ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو ٹکٹ دینے پر اصرار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویزخٹک نے رات گئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا۔ دوسری جانب صحافی عمار مسعود نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک طرف تو فیصل واڈا کو سینیٹ میں ٹکٹ تو دوسری طرف پرویز خٹک ایک اور امیر زادے سابق وائس چئیرمین خیبر پختونخواہ فیصل سلیم کو ٹکٹ دلوانے کے لیے متحرک تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فیصل سلیم ایف آئی اے کو سگریٹس کے غیر قانونی کاروبار میں کئی مرتبہ طلب کر چکی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے اُمیدواروں کے نام بھی فائنل کر لیے ہیں جبکہ اُمیدواروں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب سے سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، عون عباس، علی ظفر اور ڈاکٹر زرقا، سندھ سے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو امیدوار ہوں گے جب کہ خیبرپختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، نجیب اللہ خٹک، دوست محمد اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند، جبکہ ثانیہ نشتر، فلک ناز چترالی اور گوردیپ سنگھ بھی خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ بلوچستان سے عبدالقادرا اُمیدوار ہوں گے۔