تازہ ترین

خیبر پختونخواہ حکومت کا 15 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ

 پشاور ( آوازچترال)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں 15ستمبر2021ء کو مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیاجس کی صوبائی کابینہ نے توثیق کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے پر عزم ہے اور یہ امر اس بات کا بین ثبوت ہے کہ حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کس حد تک سنجیدہ ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حکومت نے موثر قانون سازی کی ہے،وزراء اور سیکرٹریز اس پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں اور کابینہ کو اس سلسلے میں عمل درآمد کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔ صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت بدھ کے روزسول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہواجس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔اجلا س میں صوبائی وزراء، مشیر، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری،اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے وزراء کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کریں انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کابینہ کا اجلاس ہر ہفتہ میں منگل کے روز منعقد ہوگا تاکہ قانون سازی کیلئے ہر ایجنڈے پر تفصیلی غورو خوض ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں میں کھڑی خراب گاڑیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی فوری مرمت کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے وزیرستان میں آئی ڈی پیز کو اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی طرز پر پیپرا رولز، ریٹائرمنٹ اور ای اینڈ ڈی رولز کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیف خطیب اور معاون قاضی کے وظیفوں میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پروبیشن اینڈ پے رول ایکٹ2020ء کی منظوری دی یہ جیل میں معمولی مقدمات میں سالہا سال سے قید افراد کی مشروط رہائی، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور نفسیاتی علاج میں سنگ میل ثابت ہوگا۔یہ دنیا کے بہترین قوانین کے عین مطابو ہے۔ صوبائی کابینہ نے صوبے میں واٹر ریسورس منیجمنٹ کیلئے واٹر کمیشن اور واٹر ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی جو باالترتیب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کام کریں گے۔یہ انتہائی اہم قانون سازی ہے اور اس سے ہماری آئندہ نسلوں کیلئے پینے کے صاف پانی اور ساتھ ہی ساتھ آبپاشی کی ضرورتوں کیلئے پانی کا ذخیرہ کرنے میں دوررس نتائج کا حامل ہوگا۔ صوبائی کابینہ نے پرائمری، مڈل،ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام شروع کرنے اور اس پر عمل درآمد کیلئے طریقہ کار کی منظوری دیدی ہے۔ پروگرام کے تحت ڈبل شفٹ کیلئے موجودہ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاہم جہاں پر ممکن نہ ہو تو مارکیٹ سے بھیfix payپر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔کابینہ نے fix pay کیلئے وظیفے کے تعین کی بھی منظوری دیدی جس کے تحت اساتذہ کیلئے درج ذیل وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔ پرایمری ٹیچر12000روپے ماہانہ، مڈل15000، ہائی سکول18000، ہائیر سیکنڈری سکول20000، کلریکل سٹاف7000جبکہ کلاس فور5000روپے ڈبل شفٹ مالی سال2021-22سے نافذ العمل ہوگا۔باہر سے لئے گئے اساتذہ خالصتاً عارضی بنیادوں پر لئے جائیں گے۔ صوبائی کابینہ نے آئل اینڈ گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں آئل اینڈ گیس کی پیداوار میں توسیع و بحالی کیلئے3676.842ملین سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے تاہم محکمہ خزانہ نے ضرورت کے مطابق مذکورہ فنڈز وقتاً فوقتاً جاری کرنے کیلئے با اختیارہوگا۔یہ فنڈز گیس رائلٹی کے مد سے جاری ہوں گے۔صوبائی کابینہ نے884 MWسکی کیناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے156.11کینال اضافی فارسٹ اراضی مختص کرنے کی منظوری دیدی۔اجلاس میں یکساں نظام تعلیم کی اصولی منظور ی دی گئی جو طبقاتی نظام تعلیم کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے نصاب تعلیم میں صوبے کی مقامی زبانوں پشتوں، ہندکو، سرائکی، گوجری، کہوار اور دیگر مقامی زبانوں کو نصاب میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نصاب میں اسلامی اقدار و اخلاقیات کو خصوصی اہمیت دی جائے اس یکساں نظام تعلیم سے سرکاری اور نجی سکولوں کے نصاب میں یکسانیت ہوگی۔ صوبائی کابینہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے عائد ٹیکسز کی ادائیگی کو سہل بنانے اور ٹیکس ادا کرنے والے افراد کی سہولیت کیلئے آن لائن ادائیگی کا طریقہ کار طے کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ اس سلسلے میں اتھارٹی کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ سٹیٹ بنک آف پاکستان سے معاہدہ کرے۔ اس سہولت کے ذریعےtax payees انٹرنیٹ، موبائل بینکنگ اور دیگر آن لائن سسٹم سے ٹیکسوں کی ادائیگی کر سکیں گے اور پیچیدہ طریقہ کارسے چھٹکارہ حاصل کر سکیں گے۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن2020کی منظوری دیدی ہے اس اقدام سے صوبے میں یوتھ ڈویلپمنٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ صوبائی کابینہ نے کالام، کمراٹ، کیلاش اور مالم جبہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے معاملات بطریق احسن چلانے کیلئے ہر اتھارٹی کیلئے100ملین خصوصی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔صوبائی کابینہ نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی نظر ثانی شدہ 993ملین فنڈز کی منظوری دی ہے۔ صوبائی اسمبلی نے قرآن پاک کی طباعت و اشاعت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ایکٹ اور رولز کے تحت چیف خطیب کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل کی تاکہ وہ پبلشر ز اور پرنٹرز کی رجسٹریشن کیلئے دی گئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں۔ کمیٹی نے12 پبلشرز کی رجسٹریشن کرانے کی سفارش کی جس کی آج کابینہ نے منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے صوبے میں سہارے اور شلٹر سے محروم افراد کیلئے صوبہ بھر میں پناہ گاہیں قائم کیں جس کے تحت وہاں قیام کرنے والے افراد کیلئے تین وقت کے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو اس سلسلے میں ضروری فنڈز فراہم کئے گئے اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ پناہ گاہوں کیلئے ضروری سامان اور فنڈز دیئے گئے۔ صوبائی کابینہ نے پناہ گاہوں کے انتظام و انصرام کیلئے ضروری فنڈز /اخرابات کی آج باقاعدہ توثیق کی۔ کابینہ نے اربن ماس ٹرانزٹ ایکٹ2016میں ترامیم اور آن لائن گڈز سروسز کمپنی ایکٹ2020کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ نے خادمین نے حجاج کیلئے سیکرٹریٹ ملازمین کی 25فیصد کوٹہ کے تحت گریڈ۔7سے گریڈ۔17 کے تمام ملازمین شامل کرنے کی منظوری دیدی۔ اس سے پہلے صرف سپرنٹنڈنٹس اور پرائیویٹ سیکرٹریز شامل تھے۔کابینہ نے صوبائی محستب سیکرٹریٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر بی ایس۔18کو بی ایس۔19اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی ایس۔17کو بی ایس۔18میں ترقی دینے کی منظوری دیدی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button