فضل الرحمن گروپ کو جے یو آئی پاکستان کا نام استعمال کرنے سے روکا جائے۔ حافظ حسین احمد
اسلام آباد( آوازچترال)حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ فضل الرحمن گروپ کو جے یو آئی پاکستان کا نام استعمال کرنے سے روکا جائے، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے نام کو فضل الرحمن گروپ استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے، فضل الر حمن گروپ کے خلاف الیکشن کمیشن میں مولانا شجاع الملک کے ذریعے یاداشت جمع کرادی گئی ہے، الیکشن کمیشن میں اس سے پہلے فضل ا لرحمن گروپ جے یو آئی ف کے نام سے الیکشن لڑتے رہے ہیں، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فضل الرحمن گروپ کو جمعیت علماء اسلام پاکستان کا نام استعمال کرنے سے روکے کیوں کہ الیکشن کمیشن میں مولانا فضل الرحمن کی شمولیت سے پہلے اصل رجسٹریشن جمعیت علماء اسلام پاکستان کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے رکن اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا شجاع الملک کے ذریعے ایک یاداشت جمع کی گئی ہے جس میں واضح کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے نام کو فضل الرحمن گروپ استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ اس سے پہلے الیکشن میں فضل الرحمن گروپ جے یو آئی ف کے نام سے الیکشن لڑتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارچ 2020ء میں کامران مرتضیٰ کے ذریعے ایک درخواست دی گئی تھی کہ غلطی سے الیکشن کمیشن میں جے یو آئی ف لکھا گیا ہے اسے جمعیت علماء اسلام پاکستان کیا جائے جو کہ غلط بیانی پر مبنی ہے الیکشن کمیشن میں تحقیقات کے بغیر اس میں ترمیم نہیں کرسکتی۔