تازہ ترین

وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کا اعلان

لاڑکانہ (آوازچترال ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعہ ہٹائیں گے،کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے گھر بھیجیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں موہنجو داڑو روڈ پر نئے انڈسٹریل اسٹیٹ کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے منشور کے تحت عوام کی خدمت کی اور عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کیے، یہ منصوبہ کچھ سال قبل صرف کاغذات میں تھا، اس انڈسٹریل زون سے نا صرف مقامی صنعتوں اور کاروبار کو فائدہ ہوگا بلکہ عوام کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو سال میں پاکستان کی معیشت کو جتنا نقصان ہوا اتنا کبھی تاریخ میں نہیں ہوا، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کی شرح نمو افغانستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے اور مہنگائی کی شرح بھی ان ممالک سے زیادہ ہو، موجودہ حکومت ہر کاروبار کرنے والے اور صنعت لگانے والے کو چور بنادیتی ہے اور ان سے دشمنوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ڈنڈے کے سہارے معیشت اور ملک چلانا چاہتی ہے، حکومت کا کام سہولتیں فراہم کرنا ہوتا ہے، حکومت سندھ نے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا اور ٹیکس اکٹھا کرنے کے لئے ڈنڈے کا استعمال نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے،ڈنڈے کے زور پر معیشت اوپر نہیں آئے گی،ٹیکس ادا کرنے والے کریمنل نہیں ہیں،سندھ کا ریونیو بڑھا ہے،وفاق میں پی ٹی آئی غلط حکومت چلا رہی ہے،تاجروں مزدوروں اور سرمایہ کاروں ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ سکھر میں مزدور سٹی کا افتتاح کیا،جس میں گھر اور فلیٹس بنائے ہیں،عام آدمی کو ریلیف دینا ہے،زراعت پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ہم صنعت اور بزنس کے دشمن نہیں ہیں،وفاق نے ہمیں تنہا چھوڑا ہے،سندھ حکومت ملکر سرمایہ کاروں کے ساتھ کام کرے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نےعوام سے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ گھر اور50لاکھ نوکریاں دے گی وہ ہم نے کہیں نہیں دیکھیں،دوسال میں پاکستان کی معیشت کو نقصان ہوا ہے۔عوام کے حقوق کا ہر سطح پر دفاع کریں گے،عمران خان کے راستے میں پی پی پی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ رکاوٹ ہیں،نیب کے ذریعے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا،تاریخی بے روزگاری اور تاریخی مہنگائی حکومت کی نالائقی ہے،بجلی گیس سمیت دیگر چیزوں کے پیسے حکمران کھا رہے ہیں،ایسیحکومت لائیں گے جس کو عوام منتخب کریں اور عوام کی حکومت ہو،پی ڈی ایم کے ذریعہ سے جمہوری آئینی طریقے سے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔آئینی اور جمہوری طریقہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہے۔وزیراعظم سپیکر کٹھ پتلی اورسلیکٹڈ ہیں،پی پی پی رہنماؤں کو نیب کے ذریعے ڈرایا گیا ہے،ہم جانتے ہیں کہ غیر سیاسی قوتوں کو کیسے نکالنا ہے،کٹھ پتلی کو گھر جانا پڑے گا،پاکستان کا مستقبل روشن ہے،بھرپور عوامی طاقت سے مقابلہ کریں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button