تازہ ترین

فوجی قوت میں پاکستان دنیا کا دسواں طاقتور ترین ملک بن گیا

راولپنڈی(  آوازچترال ) گلوبل فائر پاور نے سال 2021ء کی فہرست جاری کی ہے، جس میں فوجی قوت کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا 10 واں طاقت ور ترین ملک بن گیا ہے، گلوبل فائر پاور کے مطابق پاکستان ٹاپ ٹین ممالک میں واحد ملک ہے جس کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان پندرہویں نمبر پر تھا اب پاکستانکی پانچ درجے بہتری ہوئی ہے، رینکنگ میں پاکستان نے ترکی، اٹلی، مصر، ایران، جرمنی ، انڈونیشیا، سعودی عرب، سپین، اسرائیل، آسٹریلیا اور کینیڈا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جاری کردہ فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ روس دوسرے نمبر پر ہے، چین تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر طاقتور ترین ملک ہے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرافغانستان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا،افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جمعہ کو کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔چیف آف آرمی سٹاف کو سیکورٹی صورتحال،بارڈر مینجمنٹ،بشمول باڑ لگانے کے ساتھ ساتھ نئے ضم شدہ اضلاع میں ایف سی اور پولیس کی صلاحیت کو بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے پشاور کور کے افسران اور جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے ایف سی اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قبائلی اضلاع میں استحکام لانے کیلئے کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف نے قیام امن کیلئے مقامی آبادی کی قربانیوں اور دہشتگردی کی خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بھرپور حمایت پر ان کی تعریف کی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جاری مربوط کوششوں سے مشکل سے حاصل ہونےوالے فوائد کو دیرپا امن اور استحکام میں بدلنے میں مدد ملے گی جبکہ بارڈر کنٹرول اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان جاری انٹرافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔قبل ازیں پشاور پہنچنے پر آرمی چیف کا کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے استقبال کیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button