67

نئے سال پر حکومت کا پہلا تحفہ، پٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد (  آوازچترال)حکومت  نے سالِ نو کے آغاز پر پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 106 روپے ہو گی۔  اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے تک اضافہ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے ہوگی۔  اسی طرح کیروسین کی قیمت میں 3 روپے  36 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یکم جنوری  سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔  ذرائع کے مطابق  اس حوالے سے اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری میں پٹرول 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز  دی گئی تھی۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کا ریلیف مدنظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے اوگرا کی سفارشات کے برعکس پٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔  عوام کو  ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے  پٹرول کی قیمت میں محض 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا ہے۔ اسی طرح اوگرا کی جانب سے کیروسین (مٹی کاتیل) میں 10.92 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل میں 14.87 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔ اس کے برعکس کیروسین کی قیمت میں 3.36 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں محض 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

Facebook Comments