تازہ ترین

ایسی اسکیم لا رہے کہ پاکستان میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، عمران خان

چکوال(   آوازچترال) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسی اسکیم لا رہے کہ پاکستان میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا ، یہ ایک مکمل پروگرام ہوگا، جس میں پوری پاکستان قوم شامل ہوگی،آئندہ 10سالوں میں ایسا ہیلتھ سسٹم بنائیں گے جو امیر ممالک میں بھی نہیں ہوگا،نجی ہسپتالوں کیلئے کم قیمت پر زمینیں فراہم کریں گے۔انہوں نے چکوال میں ہسپتال اور لاء کالج کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو کہنا چاہتا ہوں اگر ان چوروں کو کسی حکومت نے این آراو دیا تو وہ ملک سے غداری کرے گا۔ ہمارے سے پہلے طاقتور وں کو این آراو دینے والی بہت ساری قومیں تباہ ہوگئیں۔یورپ میں جب صنعتی انقلاب آیا یہ ٹھیک نہیں ہم نے تعلیم پر زور نہیں دیا، جب یورپ میں صنعتی انقلاب آیا تو وہاں پر جمہوریت شروع ہوئی اور لیڈرشپ قانون کے اندر آگئی، ہمارے مسلمانوں کا سسٹم تھا، خلیفہ وقت بھی جوابدہ تھا، مولانا فضل الرحمان نے خود فیصلہ کرلیا کہ میں صادق اور امین ہوں، میں کسی کو جوابدہ نہیں ہوں۔ جمہوریت میں میرٹ اور جوابدہ ہونا ہوتا ہے، بادشاہت میں دونوں چیزیں نہیں ہوتیں۔ یہ دونوں چور جن میں ایک کا بیٹا اور ایک کی بیٹی ہے، یہ این آراو لینے کیلئے جلسے کررہے ہیں۔ ان سے کوئی پوچھے ان کی کوالیفیکیشن کیا ہے؟ انہوں نے ایک گھنٹے کا زندگی میں کام نہیں کیا۔یہ لوگ ملک چلائیں گے؟انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی دینے والی حکومتیں تعلیم پر پیسا خرچ کرتی ہیں، وہ اگلا الیکشن جیتنے کیلئے کام نہیں کرتیں۔ اگر ہم نے بہترین اساتذہ پر توجہ دی تو سکولوں میں غریب گھرانوں سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ چکوال میں 500بیڈز کا ہسپتال شروع کررہے ہیں، اس میں سپورٹ دیں گے، پاکستان میں جتنے ہسپتالوں کی ضرورت ہے وہ حکومت نہیں بناسکتی، ہم جوہیلتھ کارڈ لے کر آئے ہیں، پاکستان میں آئندہ 10سالوں میں ایسا ہیلتھ سسٹم بنائیں گے جو دنیا کے امیر ممالک میں بھی نہیں ہوگا،ہرپانچ سالوں میں ہرخاندان کے پاس ہیلتھ انشورنش ہوگی، اس کیلئے نجی سیکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں گے ، نجی ہسپتالوں کیلئے کم قیمت پر زمینیں فراہم کریں گے،ہیلتھ کارڈ کے ذریعے لوگ پاکستان کے کسی بھی ہسپتال میں علاج کرواسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سالوں میں بیرونی اور اندرونی خسارے کو کم کریں گے، تاکہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے۔ 17سال بعد ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ پانچ ماہ سے سرپلس چلا گیا ہے۔ اب آمدنی بڑھانے کا زور لگا رہے ہیں۔ ہمارے جب پانچ سال پورے ہوں گے توپاکستان پر قرضوں کا بوجھ نہیں ہوگا۔لوگوں کی ضروریات زندگی کا خیال کریں گے، ایجوکیشن کا سسٹم بنائیں گے،نیا بلدیاتی نظام بڑا زبردست لے کر آئے ہیں، پولیس کا سسٹم ٹھیک بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے غربت کم کررہے ہیں، کورونا وباء کے دوران تھوڑے وقت میں پیسے بانٹنے سے ہم بڑے بحران سے بچ گئے۔یہ پروگرام ہم نے چین سے سمجھا ہے۔دنیا کی تاریخ میں کسی نے غربت سے نہیں نکالا ، جس قدر چین نے نکالا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت ایک اسکیم لارہی ہے، کہ پاکستان میں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے،یہ پورا پروگرام لے کر آئیں گے، اس پروگرام میں پوری پاکستان قوم شامل ہوگی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button