حکومت نے نئی مردم شماری کروانے کا اعلان کر دیا
کراچی ( آوازچترال نیوز ) حکومت نے نئی مردم شماری کروانے کا اعلان کر دیا، گورنر سندھ کے مطابق اس وقت فوری مردم شماری کروانا ممکن نہیں، 2023 میں مردم شماری کروا کر اس بنیاد پر نئے انتخابات کروائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے مردم شماری کرانے کا مطالبہ کیا ہے لیکن اس کیلئے وقت اور اخراجات درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 یا عام انتخابات سے پہلے مردم شماری کرانے کی تیاری کی جائے گی، نادرا کے پاس بھی ڈیٹا موجود ہے، ضمنی یا بلدیاتی انتخابات سے پہلے مردم شماری ممکن نہیں ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے مطابق مردم شماری میں ابہام پایا جاتا ہے اور خاص طور پر سندھ کے شہری علاقوں کے اعداد و شمار میں جبکہ کراچی کی جو آبادی دکھائی گئی ہے وہ تقریبا ایک کروڑ 75 لاکھ کے قریب ہے جو کہ میں نہیں سمجھتا کہ درست اعداد ہیں۔ کراچی کی آبادی اس سے زیادہ لگتی ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے پہلے مردم شماری کرانا ممکن نہیں لیکن 2022 میں مردم شماری دوبارہ کرانے کا عمل شروع کریں گے اور 2023 کے انتخابات سے پہلے مردم شماری کرا دیں گے تاکہ آئندہ الیکشن نئے مردم شماری کے تحت ہوں۔ فی الحال اسی مردم شماری کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ مردم شماری ہوگی تو تمام حلقے دوبارہ بنائے جائیں گے۔ فوج کی مدد بھی درکار ہوگی جبکہ اس وقت سرحدوں پر کشیدگی ہے۔