156

کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے پر نقد انعامی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے،محمود خان

پشاور ( آوازچترال نیوز  )  وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے پر نقد انعامی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ان کھلاڑیوں کے لئے سکالرشپ پروگرام کا آغاز بھی کیا ہے تاکہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی جاری رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح پر کھلاڑیوں کی تیاری وتربیت کے لئے ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر کوچ تعینات کئے جارہے ہیں یہ صوبے کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ہر ضلع میں کوچ تعینات کئے جائیں گے بنیادی سطح پر تربیت نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ متاثر ہو رہا تھا اور بنیادی سطح پر کوچنگ سے با صلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پچھلے سال کامیاب نیشنل گیمز اور انڈر 23گیمز کا انعقاد کیا کورونا وائرس کی وجہ سے سرگرمیاں کچھ عرصے کے لئے ملتوی کی گئی تھیں اب ایس او پیز کے تحت سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں، صوبے بھر کے تمام اضلاع بشمول ضم اضلاع انڈر 16ٹیموں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز لئے گئے جس میں 1500سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹرائلز میں 256کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جنہیں پشاور میں 10روز تک تربیت دی گئی کیمپ کے اختتام پر انڈر 16ٹیموں کا انتخاب کیا جو 28 نومبر سے شروع ہونے والی انڈر 16گیمز میں حصہ لیں گی۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے تاریخی اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور اور عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں ہاکی ٹرف بچھانے کا کام ایک ماہ میں کیا جائے گا، بنوں میں پہلے ہی ٹرف بچھائی گئی، لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں ٹرف تبدیل کی جارہی ہے جبکہ سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان بھی ٹرف بچھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن جاری ہے جس پر ایک ارب روپے خرچ کئے جائیں گے کمپلیکس میں کرکٹ سٹیڈیم کو عالمی معیار وضروریات کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے جس سے پشاور میں دو سٹیڈیمز میں کرکٹ کے عالمی مقابلے منعقد کرانے کی سہولت میسر آئے گی جبکہ یہاں پی ایس ایل میچ بھی کرائے جاسکیں گے۔

Facebook Comments