211

جے یو آئی میں اختلافات، مولانا شیرانی نے علمِ بغاوت بلند کردیا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی حمایت کردی

کوئٹہ ( آوازچترال ) جمعیت علماء اسلام ف میں اختلافات پیدا ہوگئے۔ مولانا محمد خان شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف علمِ بغاوت بلند کردیا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بھی حمایت کردی۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق مولانا شیرانی نے جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو جھوٹا قرار دے دیا اور کہا کہ فضل الرحمان ہمیشہ سے جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، وہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کیلئے جلسے جلوس کر رہے ہیں، وہ خود سلیکٹڈ ہیں اور سلیکٹ ہو کر آئے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بھی حمایت کردی اور کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، ذاتی طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں ہوں۔   مولانا شیرانی نے کہا کہ انہیں عمران خان کی کئی پالیسیوں سے اتفاق ہے، عمران خان کی حکومت یہ پانچ سال پورے کرے گی اور اگلے پانچ سال بھی ان کے ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مولانا فضل الرحمان سے اختلاف ان کے جھوٹ بولنے پر ہے۔ مولانا شیرانی نے کہا کہ بلوچستان میں جے یو آئی کے پرانے کارکن الگ دفتر قائم کریں، جے یو آئی کسی کی جاگیر نہیں، یہ ان کی اپنی جماعت ہے تو اس لیے دوسری جماعت کیوں بنائیں۔

Facebook Comments