تازہ ترین

’ہمیں این آر او نہ دینے کا کہنے والا عمران خان اور علیمہ خان خود ثاقب نثار کے این آر او پر جی رہے ہیں‘ نواز شریف

لندن ( آوازچترال نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب عوامی طاقت کا سیلاب آتا ہے تو بزدلانہ رکاوٹیں تنکوں کی طرح بہہ جاتی ہیں، 2018 میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی کے ذریعے کٹھ پتلی کو مسلط کیا گیا، عمران خان اور علیمہ خان ثاقب نثار کے این آر او پر جی رہے ہیں، جب بھی پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان فیصلہ کریں گے مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی استعفے دے دیں گے۔ مینار پاکستان پر ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے خطاب کرتے ہوئے نون لیگ کے قائد نواز شریف کا کہناتھا کہ وہ جب پہلی باروزیراعظم منتخب ہوئے تو پاکستان اس خطے کا سب سے مضبوط ملک بن کر ابھرا، ہماری شرح ترقی آٹھ فیصد سے زیادہ ہوگئی لیکن اب یہ صفر سے بھی نیچے ہے،دوسری بار وزیر اعظم منتخب ہوا تو پاکستان کی سالمیت اور بقا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور پاکستان دنیا کی ساتویں بڑی ایٹمی قوت بن گیا، سلیکٹڈ کو لانے والوں کو بھی شاید یاد ہو یا نہ ہو لیکن لاہوریوں کو وہ دن یاد ہوگا جب واجپائی اسی تاریخی میدان میں آئے اور کہا کہ ہم پاکستان کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں،پاکستان کا اپنا مقام ہے،2013 میں تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہوا تو پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا،روز بم دھماکے ہوتے تھے، ہم نے بجلی کے اندھیروں کو مٹایا ، گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔   انہوں نے الزام لگایا کہ 2018 میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی جس کا مقصد ایک ایسی کٹھ پتلی کو لے کر آنا تھا جو آنکھیں بند کرکے ان کے اشاروں پر ناچتی رہے،آج وہی کچھ ہورہا ہے،اُنہوں نے ووٹ چوری کرکے ایک نالائق، نااہل، نادان کھلنڈروں کا ایک سرکس لگایا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کو غربت، مہنگائی، بیروزگاری ، بدامنی کی گہری کھائی میں دھکا دے دیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چینی مہنگی ہونے سے ملنے والے اضافی پیسے عمران خان کے حواریوں اور اے ٹی ایم مشینوں کی جیبوں میں جا رہے ہیں،پاکستان کے عوام اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا حساب کس سے لیں؟پشاور بی آر ٹی میں قوم کے 110 ارب روپے ڈبونے والے کیوں دندناتے پھر رہے ہیں؟ کس سے پوچھیں کہ علیمہ خان نے اربوں کی جائیدادیں کیسے بنائیں؟عمران خان کا فارن فنڈنگ کیس کئی برس سے لاپتہ کیوں ہے،عمران خان کہتا ہے کہ این آر او نہیں دوں گا،تم سے این آر او مانگتا کون ہے؟ تم اور علیمہ خان تو خود ثاقب نثار کے این آر او پر جی رہے ہو۔   نواز شریف نے کہا کہ ان کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ سچ بولتے ہیں،نواز شریف حق اور سچ بات کہہ کر رہے گا، 22 کروڑ عوام کو ان کا حق حکمرانی دلوائے بغیر پیچھے نہیں ہٹے گا،مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے از خود استعفے دینے شروع کردیے ہیں، اپنے ان ساتھیوں پر فخر ہے جو چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی کمزوری نہیں دکھا رہے،جب بھی پی ڈی ایم اورمولانا فضل الرحمان اِن استعفوں کو پیش کرنے کی ہدایت دیں گے ہم اس پر عمل کریں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button