تازہ ترین

چترال کے استارو پل کی بحالی کیلئے آواز اٹھانا میرا اخلاقی فرض تھا،..چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال

کراچی ( نما یندہ آوازچترال ) چترال کے مسائل کے حل کیلئے چترال کے عوام کی جد و جہد کی حمایت کرتے ہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جانے والی ہر کوشش کا ہم ہر ممکن ساتھ دیتے رہیں گے۔ چترال کے استارو پل کی بحالی کیلئے آواز اٹھانا میرا اخلاقی فرض تھا، آئندہ بھی جب بھی ضرورت پڑی چترال کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے پارٹی سیکریٹریٹ میں چترالی کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مزار قائد کے خطیب و فاتحہ خوان قاری شمس الدین کی قیادت میں چترالی کمیونٹی کے وفد نے مصطفیٰ کمال سے ملاقات کر کے استارو پل کی تعمیر کیلئے آواز اٹھانے پر چترال کے عوام کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں عبد الغفار سپرنٹنڈنٹ ایف سی، رحمت ولی، حسین ولی شاہ، ڈاکٹر فتح الدین، عنایت شمسی، ظہیر علی صفدر، محمد حیات خان، حنیف اللہ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر پی ایس پی کے پریذیڈنٹ انیس قائم خانی اور وائس چیئرمین شبیر احمد خانی بھی موجود تھے۔ پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی سیاسی مقصد کیلئے استارو پل کا مسئلہ نہیں اٹھایا، میرا مقصد صرف اور صرف چترال کے عوام کی ہمدردی اور خیر خواہی تھا۔ مجھے جیسے ہی پتا چلا کہ استارو پل کی تباہی کی وجہ سے چترال کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں تو میں نے اس پر آواز بلند کرنا اپنا اخلاقی فرض سمجھا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی اہل چترال کے مسائل کے حل کیلئے اپنی بساط کے مطابق جو کچھ بھی ہو سکا کر گزرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ وفد نے مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اہل چترال کے مسائل اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال کو چترالی پکول بھی پہنائی گئی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button