101

اسد عمر کی جانب سے اپنے بھائی کے ذریعے مریم نواز کو پیغام بھجوائے جانے کا انکشاف

لاہور( آوازچترال نیوز ) اسد عمر کی جانب سے اپنے بھائی کے ذریعے مریم نواز کو پیغام بھجوائے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے رابستہ ایک صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے بھائی اور ن لیگ کے رہنما زبیر عمر کے ذریعے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے وفاقی وزیر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی۔ اسد عمر نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن صحافی کو جس ذرائع سے یہ خبر موصول ہوئی ہے، ان صحافی کو چاہیئے کہ اپنے ذرائع بدل لیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی مسلسل دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کئی وفاقی وزراء نے ن لیگ سے رابطہ کر کے مذاکرات کی پیش کش کی ہے۔ حکومتی شخصیات معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا پیغام دے رہی ہیں۔ تاہم ن لیگ کا کہنا ہے کہ اب بات چیت کا وقت گزر چکا، اب حکومت سے بات چیت نہیں ہوگی۔

Facebook Comments