79

اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو ضمنی الیکشن کروائیں گے، عمران خان

اسلام آباد (آوازچترال ) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو پی ڈی ایم جلسوں سے متعلق حکمت عملی سے آگاہ کردیا، اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو ضمنی الیکشن کروائیں گے، اپوزیشن پُراعتماد ہے تو میں بھی پُراعتماد ہوں، حکومت اپوزیشن کو جلسوں سے نہیں روکے گی، چاہتے ہیں یہ لوگ ایکسپوز ہوجائیں، عوام کو بتائیں کہ احتیاط برتیں، جلسوں میں جانے سے ان کی زندگیوں کو خطرہ ہے، اپوزیشن عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلا س میں 17 نکاتی ایجنڈے پر مشاورت کی گئی، جس میں متعدد نکات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت ملک بھر میں کورونا وباء کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ کابینہ نے کورونا کیسز پھیلنے کے باوجود اپوزیشن کے جلسوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فرانس سے تعلقات منقطع کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی پٹیشن بھی زیربحث آئی۔ وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے معاملے پر مسلم امہ سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا، فرانس کے معاملے پر وزیرخارجہ کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ وزیر خارجہ فرانس کے معاملے پر حکومتی پالیسی سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پی ڈی ایم جلسوں سے متعلق حکومتی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو جلسے کرنے سے نہیں روکے گی، ان کو عوام کے سامنے ایکسپوز ہونے دیں۔ اپوزیشن غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرکے عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے۔ عوام کو بتایا جائے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا پھیل رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا سے متعلق لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دی جائے۔ لوگوں کو بتایا جائےکہ جلسوں میں جانے سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے۔ عوام کو پہلے سے بھی زیادہ احتیاط برتنی چاہیے۔ وزیراعظم نے پشاورواقعے کے بعد تمام ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں پہلے سے بھی بہترانتظامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے اسد عمر کو بھی دوبارہ روزانہ بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے انسداد منشیات سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں اعظم سواتی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، کورکمانڈرپشاور اور فیصل سلطان شامل ہیں۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ کمیٹی ڈریپ کے ساتھ مل کرکام کرے گی۔ وزیراعظم نے انسداد منشیات سے متعلق اقدامات پربھی بات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قابلل تشویش بات ہے کہ ملک میں 68 لاکھ لوگ منشیات استعمال کرتے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیرامین الحق نے لاپتا افراد کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھایا۔ امین الحق نے کہا کہ 2016 میں اغواء ہونے والے کارکن شاہد کلیم کی پراسرار موت سنجیدہ معاملہ ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے بجلی  تقسیم کارکمپنیوں کے بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کابینہ نے او آئی سی میں اسلامو فوبیا پر قرارداد کی منظوری کو پاکستان کی کامیابی قرار دیا۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے ہر فورم پر مقدس ہستیوں کے احترام پر زوردیا ہے۔

Facebook Comments