انوکھی شرط: ’سرکاری نوکری چاہیے تو تمباکو نوشی چھوڑ دیں‘
نئی دہلی (آوازچترال ) بھارت سے ایک انوکھی خبر آئی ہے جہاں پر حکومت نے شرط رکھی ہے کہ سرکاری نوکری حاصل کرنے کے لیے سگریٹ سمیت تمباکو نوشی چھوڑنا ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جھاڑکھنڈ میں سرکاری نوکری حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ایک شرط رکھی گئی ہے کہ انہیں اپنی زندگی سے تمباکو نوشی اور تمباکو والی اشیاء کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔ ریاستی حکومت کے مطابق نوجوان اس وقت ہی سرکاری نوکری کے اہل ہوں گے جب وہ آفس اور آفس کے باہر بھی تمباکو نوشی نہیں کریں گے۔ حکومت کی جانب سے یہ قانون آئندہ سال یعنی 2021ء میں ماہ اپریل سے لاگو ہو جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد لوگوں کو تمباکو نوشی اور تمباکو والی اشیاء کے استعمال سے چھٹکارا دلانا ہے کیونکہ ہر سال اسی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ اس قانون کے تحت اب جھاڑکھنڈ میں اسی نوجوان کو سرکاری نوکری ملے گی جو ایک حلف نامہ جمع کرائے گا جس میں یہ لکھا ہو گا کہ وہ آفس اور آفس سے باہر بھی تمباکو نوشی اور تمباکو والی اشیاء کا استعمال نہیں کرے گا۔