بچوں کی آوازتازہ ترین

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سکول بیگز بل منظور، ہر کلاس کیلئے الگ الگ وزن ہوگا

پشاور (آوازچترال ) خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں سکول بیگز بل منظور کر لیا گیا۔ بل کے تحت ہر کلاس کے لئے الگ الگ بیگ کا وزن تعین ہوگا۔ بل کے متن کے مطابق پہلی جماعت کے طلبہ کے لیے سکول بیگ کا وزن دو اعشاریہ چار کلو گرام، دوسری جماعت کیلئے دو اعشاریہ چھ کلو گرام اور تیسری کلاس کے لیے تین کلو گرام ہوگا۔ ہائی سیکنڈری طلبہ کے لئے بیگ کا وزن 7 کلو رکھا گیا ہے۔ سکول بیگز ایکٹ پہلا ایسا قانون ہے جسے کسی اسمبلی کی جانب سے منظور کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 7 اکتوبر کو پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا کابینہ نے سکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون کا ڈرافٹ منظور کیا تھا۔ مجوزہ قانون کے ڈرافٹ میں دوسری سے پانچویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن اڑھائی سے 5 اعشاریہ 3 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی تھی۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسکول بیگز کا وزن 5 اعشاریہ 4 سے ساڑھے 6 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن 7 کلوگرام رکھنے کی تجویز گئی تھی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button