تازہ ترین

بی آر ٹی میں خواتین کو چھیڑنے پر 3 سال قید ، 5 لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ

پشاور (آواز چترال  نیوز ) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چلنے والی بی آر ٹی بسوں میں خواتین کو چھیڑنے پر 3 سال قید یا 5 لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بی آر ٹی میں خواتین کو چھیڑنے ، انہیں دھکے دینے اور تنگ کرنے والوں کو 3 سال قید یا 5 لاکھ جرمانے یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہے ، جس کے مطابق بی آر ٹی میں سفر کے دوران طالبات یا کسی بھی اور خاتون کو بس میں یا اسٹیشن پر تنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف پی پی سی 509 کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی ، یہ اقدام بی آر ٹی بسوں میں خواتین کے سفر کو محفوظ بنانے اور رش میں خواتین کو ہراسگی سے بچانے کے لیے اُٹھایا گیا۔ خیال رہے کہ ملکی آئین کہتا ہے کہ پی پی سی 509 کے تحت خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی مقامات، یا دفاتر سمیت کسی بھی جگہ پر چھیڑنے یا ہراساں کیے جانے کی صورت میں ایسے شخص کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کاروائی کی جاسکتی ہے۔ بی آر ٹی پشاور خیبر پختون خواہ کا ایک بہترین سفری منصوبہ ہے،بی آر ٹی منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس منصوبے سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہوتے ہیں، اگست 2020سے بی آر ٹی پشاور کی جانب سے دو اقسام کے زو کارڈز متعارف کرائے گئے بغیر فیس کے یعنی مفت اور فیس کے ساتھ ۔ ترجمان ٹرنس پشاور کے مطابق اگست سے 4لاکھ کے قریب مفت زو کارڈز عوام میں تقسیم کئے گئے جب کہ فیس کے ساتھ والے زو کارڈ کی قیمت تب بھی 150روپے ہی مقرر تھی، مفت زو کارڈز کا مقررہ کوٹہ ختم ہونے کے بعد اب صارفین کیلئے صرف نان فری زو کارڈ ہی دستیاب ہونگے جس کی قیمت 150روپے ہے، بی آر ٹی کے آغاز سے اب تک کرائے اور نان فری زو کارڈ کی قیمت میں ایک ڈھیلے کا بھی اضافہ نہیں کیاگیا، شہریوں سے التما س ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور بی آر ٹی کے بہترین سفر سے مستفید ہوتے رہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button