ایس آر ایس پی کی طرف سے دروش میں فٹ بال ٹیموں میں کٹس تقسیم
دروش(نمائندہ آوازچترال) سرحد رورل سپورٹ پروگرام نے پی پی اے ایف کے تعاؤن سے پی پی آر پراجیکٹ کے تحت یونین کونسل دروش 1 اور دروش 2کے نوجوانوں میں فٹ بال کٹس تقسیم کئے۔ اس حوالے سے ایک سادہ تقریب گذشتہ روز دروش میں منعقد ہوئی جسمیں 16فٹ بال ٹیموں کے نمائندوں، سپورٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کے فوکل پرسن شہزادہ سمیر الملک، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری انجینئر بہرام سید، ایل ایس او ذمہ داران اور نوجوان سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے SRSPکے نمائندے کمال عبدالجمیل نے کہا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے مالی معاؤنت سے دروش ون اور دروش ٹو یونین کونسلوں میں غربت کے خاتمے کا پروگرام PPRچل رہا ہے، اسی پراجیکٹ کے تحت نوجوانوں کی سرگرمیوں کے سلسلے میں آج دروش کے نوجوانوں کو فٹ بال کے کٹس دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اسی سلسلے میں دروش پولو فیسٹیول اور دروش والی بال ٹورنمنٹ منعقد کئے گئے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ سمیر الملک نے علاقے کی ترقی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ادارہ مختلف شعبوں میں بلاتفریق اس پسماندہ علاقے کے عوام کی خدمت کو جاری رکھے گی۔ ایل ایس او کے نمائندگا ن اور دروش کے نوجوان سماجی کارکنوں نے چترال کی ترقی کے لئے کوششیں کرنے پر ایس آر ایس پی بالخصوص ادارے کے سربراہ شہزادہ مسعودالملک کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں سولہ ٹیموں کو فٹ بال کٹس اور فٹبال تقسیم کئے گئے۔