تازہ ترین

پاکستان سے عمرہ کے لیے بکنگ کا آغاز، 22 نومبر کو روانگی

لاہور  ( آواز چترال ) سعودی حکام کی جانب سے غیر ملکیوں پر عمرہ کی ادائیگی پر جزوی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان سے ٹور آپریٹرز نے عمرہ کی بکنگ کا آغاز کر دیا۔ پاکستانی ٹور آپریٹرز کے سعودی حکام سے عمرہ کی ادائیگی کے معاہدے طے پا گئے ہیں جس کے بعد بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکام کی طرف سے مختلف ٹور آپریٹرز کے لائسنسز کی تجدید کر نے کے بعد 5 ہزار ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ 20 سے 25 افراد پر مشتمل گروپ کی شکل میں زائرین 22 نومبر کو روانہ ہوں گے۔ آپریٹرز کے مطابق ایس او پیز کے باعث اخراجات میں اضافے سے زائرین کی تعداد آغاز میں کم ہے۔ فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کی اجازت دی گئی ہے جس سے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔ ابتدائی طور پر دس دن کا عمرہ پیکیج 2 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ 14 روز کا پیکیج 2 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقرر کیا گیا ہے۔ زائرین پر کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب پہنچنے پر تین روز تک قرنطینہ میں رہنے جبکہ بسوں میں بھی سماجی فاصلے کو اپنانے کی شرط عائد ہے۔ زائرین زیارات نہیں کر سکیں گے، صرف ایک بار ہی ریاض الجنہ اور سلام پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایک کمرے میں صرف دو زائرین رہ سکیں گے جبکہ تھری اور فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کروانا لازمی ہے۔ صرف 18 سے 50 برس کی عمر والے افراد ہی کو عمرہ پر جانے کی اجازت ہوگی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button