115

گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی

گلگت ( آواز چترال) گلگت بلتستان الیکشن میں کامیاب ہونے والے 4 مزید آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ، جس کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب آزاد امیدوار وزیر سلیم ، راجہ ناصر علی ، عبدالحمید اور مشتاق حسین نے پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی ہے ، جس کے ساتھ ہی بلتستان ڈویژن سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 4 ہوگئی ، اور وفاق کی حکمران جماعت کو گلگت بلتستان میں بھی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی والے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیاب ہونے والے ہر امیدوار کے پاس جا کر کہہ رہے ہیں تم وزیراعلیٰ ہو بس شمولیت کرلو ، تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانےمیں لگے ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ اب تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے کہ گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا الیکشن ونگ ہے ، الیکشن کمشنر نے عوام کو بیچ دیا آپ اپنا عہدہ نہیں سنبھال سکے ، یہ ہر امیدوار کے پاس جا کر کہہ رہے ہیں تم وزیراعلیٰ ہو بس ایک بار شمولیت کرلو ، کیا آپ 2ماہ کے لیے عہدے پر بیٹھنا چاہتے ہیں کیوں کہ یہ حکومت تو صرف جنوری تک ہوگی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا مشکور ہوں کیوں کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ کے تحفظ کےلیے میرا ساتھ دیا ، عوام نے پیپلزپارٹی کو زیادہ ووٹ دیئے ، لیکن فائنل رزلٹ نہیں بتایا جارہا یہاں تو آر ٹی ایس کا بہانہ نہیں ہے ، پیپلز پارٹی خواتین کے ووٹوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی ، جی بی 21 میں پولنگ بکس چوری ہوا تھا ، پیپلزپارٹی کارکنان دھاندلی کے خلاف سرد موسم میں احتجاج کیا۔

Facebook Comments