تازہ ترینکاروبار

پاکستانی بزنس کمیونٹی کے افغانستان آمد کے اعلان کو سراہتے..افغانستان کی حکومت اپنے پاکستانی بھائیوں کو خوش آمدید کہے گی

پشاور(   آوازچترال)پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، ثقافتی، علاقائی تعلقات کی مضبوطی دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی اور حکومتوں کا مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان‘ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر حاجی فضل الٰہی نے پشاور میں تعینات افغان قونصلر جنرل نجیب اللہ احمد زئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے مختلف چیمبرز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سرتاج احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان تاریخی‘ جغرافیائی اعتبار سے دنیا میں بہت اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔ پاکستان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ افغانستان میں دیر پا اور پائیدار امن کویقینی بنایا جائے۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی معاشی ترقی پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حکومتی سطح پر ہونیوالوں اجلاسوں سمیت ایف پی سی سی آئی کے اجلاس میں بھی پاک افغان تجارت‘ باہمی تعاون، تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور مختلف اجلاسوں میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاک افغان تعلقات کو مضبوط بنانے اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا جائے جس میں مائنز اینڈ منرل‘ ٹیکسٹائل‘ سیمنٹ‘ غذائی اجناس سمیت تمام شعبوں سے متعلق معلومات اور مذکورہ کاروبار سے وابسطہ تاجروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ سرتاج احمد نے مزید کہا کہ جلد ہی ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار کی قیادت میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا ایک وفد جلد افغانستان کا دورہ بھی کرے گا۔ اس موقع پر افغان قونسلر جنرل نجیب اللہ احمد زئی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے افغانستان آمد کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی حکومت اور بزنس کمیونٹی اپنے پاکستانی بھائیوں کو خوش آمدید کہے گی اور پاکستانی حکومت اور تاجروں کی کاوشوں اور افغانستان کیلئے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا تعلق دو سگے بھائیوں کی طرح ہے۔ جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کیساتھ ہمیشہ اپنے تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے اور پاکستان اور افغانستان کو خطے میں طاقتور ترین معاشی قوت بنتے دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی تاجروں کے مسائل کے حل اور دونوں ممالک کے مابین آسان تجارت سمیت ثقافتی، علاقائی تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button