نوکریوں کے بے شمار مواقع ،وہ ملک جس نے 12لاکھ نئے غیر ملکیوں کو آباد کرنے کااعلان کردیا
اوٹاوا(آوازچترال ) امیگریشن کے وفاقی وزیر مارکو مینڈیسینو نے کہا ہے کہ کینیڈا اگلے تین سالوں میں 12 لاکھ سے زائد نئے غیر ملکیوں کو ملک میں آباد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مارکو مینڈیسینو کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملک میں افرادی قوت کیکمی کو دور کرنے اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ اوٹاوا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مارکو کا کہنا تھا کہ حکومت 2021 میں نئی مستقل سکونت کے لیے 4 لاکھ ایک ہزار، 2022 میں 4 لاکھ 11 ہزار اور 2023 میں 4 لاکھ 21 ہزار درخواستیں منظور کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا کو مزید افرادی قوت کی ضرورت ہے اور غیرملکیوں کے ذریعے ہم اپنی یہ ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔ مارکو مینڈیسینو نے مزید بتایا کہ کورونا وبا سے قبل، غیرملکیوں کے ذریعے معیشت کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل تھا تاہم اب یہ ضرورت بن چکا ہے۔امیگریشن پالیسی ریسرچر رابرٹ فیلکونر کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ اگر حکومت اپنے اس ٹارگٹ کو پورا کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو غیرملکیوں کو کینیڈا میں آباد کرنے کا 1911 کے بعد یہ بلند ترین ریکارڈ ہوگا۔