اسلام نے منافق کی جتنی نشانیاں بتائی ہیں وہ سب ہمارے وزیراعظم میں پائی جاتی ہیں، بلاول بھٹو
غذر ( آوازچترال ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے حدیث میں منافق کی جتنی نشانیاں بتائی گئی ہیں وہ سب ہمارے وزیراعظم میں پائی جاتی ہیں۔ غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے حدیث میں ہمیں منافق کی چار نشانیاں بتائی گئی ہیں، ایک جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے، دو جب وہ بات کرے تو جھوٹ بولے، تین جب جھگڑا کرے تو گالی دے اور چار جب معاہدہ کرے تو بے وفائی کرے۔ اور اسلام کی بتائی ہوئی منافقت کی یہ چاروں نشانیاں ہمارے وزیراعظم میں پائی جاتی ہیں، ہمارا وزیراعظم منافق وزیراعظم ہے ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آئینی حقوق سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے دیے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کو نام دیا ہے، اس سے پہلے گلگت بلتسان کو شمالی علاقہ جات کہا جاتا تھا، ہم نے گلگت کو گورنر اور وزیراعلیٰ دیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری حکومت ہوتی تو سی پیک پر سب سے پہلا حق گلگت بلتستان کے عوام کا ہوتا ۔ ہماری حکومت نے گلگت کے عوام کے لیے سی پیک منصوبہ شروع کیا، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے چین سے دوستی کی بنیاد رکھی تھی، ہم نے سی پیک کے ذریعے چین اور پاکستان کو مزید قریب کیا۔ سی پیک منصوبے کا مقصد ان علاقوں کی فلاح و بہبود تھا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہر کوئی سی پیک کا کریڈٹ لینا چاہ رہا ہے ، عمران خان نے کہا تھا کہ وہ سی پیک پر کام کریں گے، عوام نے دیکھ لیا دو سال میں انہوں نے کیا کام کیا۔ ناکام اور نااہل لوگوں کو کیا پتہ کہ سی پیک کیا ہے؟ آپ کے پہاڑوں اور گوادر کے پانیوں کی وجہ سے سی پیک ایک گیم چینجر ہے ۔ گلگت بلتستان کا پہلے کسی کو خیال نہیں تھا، اب الیکشن شروع ہوتے ہی ان کو گلگت کی یاد آ گئی، پہلے دو دو وزیر گلگت میں گھوم رہے تھے ، اب وزیراعظم بھی گلگت پہنچ گئے ہیں ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو گلگت کے عوام کے لیے پیکج لے کر آئے تھے ۔ یکم نومبر 1947 کو گلگت کے عوام نے طاقت کے زور پر بہادری سے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی تھی، بھٹو شہید نے گلگت کے عوام کو غربت اور بے روزگاری کی غلامی سے آزاد کیا تھا ۔ شہید بھٹو نے گلگت میں اتنے روزگار دیئے کہ کوئی روزگار لینے والا نہیں بچا، بھٹو شہید نے ملک بھر میں صنعتیں قائم کیں جن سے ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر آیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کٹھ پتلی سمجھتا ہے کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے بی بی شہید کا نام نکال دینے سے وہ لوگوں کے دل سے بی بی کو نکال دے گا۔ تم کارڈ سے بی بی کا نام نکال سکتے ہو ان عوام کے دلوں سے نہیں ۔ بلاول نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے گلگت کے عوام کے لیے وہ اقدامات کیے جو کوئی نہیں کر سکتا تھا، بی بی شہید نے گلگت میں لیڈی پولیس کا سسٹم متعارف کروایا، یہ کام صرف بی بی ہی کر سکتی تھیں ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج جلسے میں آپ بہنوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بی بی کے قاتل ہار گئے ۔ ہم نے ہمیشہ مزدوروں کا ساتھ دیا ہے،ریاست اپنی عوام کو بھول سکتی ہے، ہم نہیں بھول سکتے۔ گلگت کے عوام کو ہم مفت علاج کی سہولیات مہیا کریں گے ، اگر ہم سندھ میں مفت علاج دے سکتے ہیں تو یہاں بھی دے سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اس الیکشن میں اس کٹھ پتلی حکومت ریکارڈ شکست دیں گے ۔