تازہ ترینکاروبار

وفاقی حکومت کا یکم نومبرسے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد (  آوازچترال) وفاقی حکومت نے یکم نومبرسے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے، پیٹرول کی قیمت 1 روپے 57 پیسے فی لیٹراور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر84 پیسے کمی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارش پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ وزارت خزانہ نے اوگرا کی سمری پر پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 102 روپے40 پیسے فی لیٹر مقررکردی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر84 پیسے کمی کردی گئی ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 103روپے 32 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے86 پیسے فی لیٹراور مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔ اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ صنعت اور تجارت کو سہارا دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر لگنے والے محصولات اور ٹیکسوں کے تناسب کو کم کیا جائے کیونکہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر اب تک کے ریکارڈ سے زائد پیٹرولیم محصول اور جی ایس ٹی وصول کررہی ہے۔ پٹرولیم لیوی کو 30 روپے فی لیٹر کی بلند سطح پر رکھا گیا ہے جس سے صارفین سے محصولات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اربوں روپے کا اضافی بوجھ ایسے وقت میں ڈالا گیا ہے جب بین الاقوامی مارکیٹ میں پی او ایل کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ وبائی امراض سے متاثرہ معاشی سست روی کے دوران تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو پوری طرح فائدہ دینے کی بجائے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد محصول میں کئی گنا اضافہ کیا۔ ٹیکسوں، ڈیوٹیوں اور پی ایلز کے تناسب کو ختم کرتے ہوئے حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے فائدے سے صارفین کو محروم رکھا جارہا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button