تازہ ترینصحت

وکووڈ19کے بارے میں جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کی عادت طلباء پر پیدا کریں جس کے لئے وہ وسائل کی کمی کا شکایت کرنے کی بجائے اپنے مشن پر توجہ دیں۔عبدالولی خان

چترال (نمائندہ آوازچترال) عالمی ہینڈ واشنگ ڈے کی مناسبت سے ہاشو فاونڈیشن نے سینٹنل ماڈل سکول کے پرائمری سیکشن میں تقریب منعقدکرکے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسپرٹ کے ذریعے بچوں کو ہائی جین کے مطابق صابن سے ہاتھ دھونے کی عملی تربیت فراہم کی اور اس موقع پر بیماریوں سے بچاؤ میں ہاتھوں اور جسم کے دوسرے حصوں کی صفائی پر روشنی ڈالی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) لویر چترال عبدالولی خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ہاشو فاونڈیشن کے چترال میں سنٹر منیجر شادمان زین، ڈپٹی ڈی ای او (مردانہ) ڈاکٹر عبدالمالک، ہاشو فاونڈیشن کے سینئر افیسر ز شمس الدین، نظام الدین اور سکول کے ہیڈ ماسٹر اور پرائمری ٹیچرز ایسوسی کے صدر ضیاء الرحمن موجود تھے جبکہ محکمہ صحت کے ظاہرہ جاوید نے حفظان صحت کی اصولوں کے مطابق صابن سے ہاتھ دھونے کی عملی تربیت دی۔ اپنے خطاب میں عبدالولی خان نے بیماریوں اور وبائی امراض کی روک تھام میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دین فطر ت ہونے کی وجہ سے اسلام میں صفائی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے جسے نصف ایمان قراردیا گیا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ کووڈ19کے بارے میں جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کی عادت طلباء پر پیدا کریں جس کے لئے وہ وسائل کی کمی کا شکایت کرنے کی بجائے اپنے مشن پر توجہ دیں جس کے پورا کرنے میں مالی وسائل کی چنداں ضرورت نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہاکہ اساتذہ پر جسمانی صفائی کی اہمیت معصوم بچوں کے ذہنوں میں اجاگر کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور بچوں کو کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں واش روم کے استعمال کے بعد لازمی طور پر صابن سے ہاتھ دھونے کی عادی بنانا ان کے ہاتھ میں ہے۔ا نہوں نے ہاشوفاونڈیشن کے تحت منعقدہ تقریب کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ صفائی کے بارے میں علم وشعور پھیلانے کا بہتریں فورم ثابت ہوگا۔ اس سے قبل ہاشو فاونڈیشن کے سنٹر منیجر شادمان زین نے کہاکہ صابن سے ہاتھ دھونے کو کلچر بنانااس دن کو عالمی طور پر منانے کا بنیادی مقصد ہے جبکہ اس سال اس دن کا نعرہ ‘ہاتھوں کی صفائی سب کے لئے ‘قرار دیا گیا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button