وفاقی حکومت کا تنخواہوں کا پیسہ بچانے کیلئے افسران کی چھانٹیوں کا فیصلہ
لاہور (آوازچترال ) وفاقی حکومت نے وفاقی محکموں سے تنخواہوں کی مد میں بجٹ کم کرنے کے لئے وفاقی محکمہ جات سے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسروں کی چھانٹیوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے باقاعدہ ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جس کی سفارشاتپر وفاقی محکمہ جات سے مذکورہ گریڈوں کے افسران کو ملازمتوں سے فارغ کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی چھانٹی پالیسی کی زد میں آنے والے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران میں وہ افسر شامل ہونگے جو مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی ترقیوں سے ڈیفر ہوچکے ہیں۔ سرکاری محکمہ جات میں ڈیوٹیوں سے گاہے بگاہے غیر حاضر رہنے والے افسران، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران سمیت مختلف الزامات پر مبنی انکوائریوں میں نیب سے پری بارگینگ کرنے والے افسران شامل ہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنی چھانٹی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی محکمہ جات کو محکموں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں ہے۔ مزید برآں صوبوں میں تعینات وفاقی حکومت کے افسران کے بارے میں صوبے وفاق کو سالانہ رپورٹ پیش کریں گے جبکہ صوبوں میں تعینات چیف سیکرٹری، سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری کے عہدوں سمیت دیگر عہدوں پر تعینات ڈی ایم جی افسران کی سالانہ رپورٹ صوبائی سطح پر بنائی جانے والی کمیٹی ارسال کرے گی۔