153

موجودہ حکومت ملازمین کو سبز باغ دیکھا کر اقتدار میں آئی .اس نے جو ملازم کش اقدامات اٹھائے.اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی

چترال ( محکم الدین ) آل ایمپلائز کوآرڈنیشن کونسل چترال کا ایک احتجاجی جلسہ گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال روڈ پر منعقد ہوا ۔ جس میں چترال کے تمام اداروں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ا س موقع پر مقررین نے موجودہ حکومت کی طرف سے ملازمین کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو انتہائی افسوسناک اور ظلم و زیادتی کی انتہا قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ موجودہ حکومت ملازمین کو سبز باغ دیکھا کر اقتدار میں آئی ہے ۔ لیکن اس نے جو ملازم کش اقدامات اٹھائے ہیں ۔ اس کی مثال ماضی کی کسی حکومت میں نہیں ملتی ۔ انہوں حکومت کو خبر دار کیا ۔ کہ 6 اکتوبر سے پہلے پہلے اگر موجودہ حکومت نے ان کے مطالبات منظور نہیں کئے ۔ تو اس کے بعد ملازمین کا سمندر اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گا ۔ اور اپنے مطالبات بزور طاقت منا کر دم لے گا ۔ اس موقع پر ملازمین کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ۔ کہ تمام ملازمین کو بلا تفریق جدید ٹائم سکیل دیا جائے ۔ تمام ملازمین کو یکسان سکیل اور مراعات دیے جائیں ۔ ایڈہاک ازم اور کنٹریکٹ پالیسی کا خاتمہ کیا جائے ۔ میڈیکل الاونس کم از کم دس ہزار روپے ماہانہ کیا جائے ۔ہاوس رینٹ الاونس جاری بنیادی تنخواہ پر بلاتفریق پچاس فیصد دی جائے ۔ تمام ایڈ ہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے پے ریوائز کیا جائے ۔ تنخواہ میں موجود کمرتوڑ مہنگائی کے تناسب سے سو فیصد اضافہ کیا جائے ۔ ملازمین اور محنت کشوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اثر و رسوخ ختم کیا جائے ۔ صوبائی حکومت کی طرف سے 2013 – 2015 کے ایڈہاک ریلیف کی جگہ تمام ملازمین کو ایک ایڈوانس انکریمنٹ دینے کا اعلامیہ جاری کیا جائے ۔ اور اخبارات و سوشل میڈیا میں پنشن ،سالانہ انکریمنٹ اور ساٹھ سالہ سروس کے خاتمے کی خبروں سے متعلق واضح پالیسی کا اعلان کرے ۔ تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب کا خاتمہ ہو سکے ۔ جلسے سے صدر آل ایمپلائز کو آرڈنیشن کونسل چترال امیرالملک ، ضیا ء الرحمن جنرل سیکرٹری کو آرڈنیشن کونسل ،نثار احمد صدر اے ٹی اے قاری یوسف جنرل سیکرٹری اے ٹی اے ، زاہد عالم جنرل سیکرٹری ایٹا ، آفتاب عالم صدر ویلج کونسل سیکر ٹریز ، شکیل احمد صدر لیبر یونین سی اینڈ ڈبلیو، جمال الدین صدر پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ، محمد قاسم صدر کلاس فور ، جہانگیر صدر واپڈا، منصور علی شباب چیرمین میڈیکل ایسوسی ایشن نے خطاب کیا ۔ صدر امیر الملک نے تمام ملازمین سے کہا ۔ کہ گورنمنٹ ملازمین اپنے ایسوسی ایشن کے اندر کسی بھی پارٹی کی سیاست سے اپنے آپ کو دور رکھیں ۔ اور صرف سرکاری ملازم کی حیثیت سے اپنے مطالبات کیلئے اتفاق پیدا کرکے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے تمام ملازمین کو یقین دلایا ۔ کہ وہ موجودہ حکومت سے اپنے مطالبات منواکے رہیں گے ۔

Facebook Comments