49

مالم جبہ کا کیس کیوں نہیں کھولا گیا،بی آر ٹی پشاور کی 4 بسیں جل چکی ہیں تحقیقات کیوں نہیں ہو رہی- شہباز شریف

 لاہور (آوازچترال نیوز )لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےپاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ میں جیل جاؤں، ہم پر ایسے الزامات لگاتے ہیں جیسے خود دودھ کے دھلے ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملتان میٹرو پر الزام لگایا گیا کہ چینی کمپنی کو رشوت دی، مجھ پر الزام کا جواب چینی کمپنی نے خود دیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے جھوٹ بول کر مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی 4 بسیں جل چکی ہیں، یہ منصوبہ 100 ارب روپے کی لاگت سے بنا ہے، جب کہ ہم نے اسی قیمت میں میٹروں کے تین کامیاب پراجیکٹ بنائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اورنج لائن منصوبے کے لیے قرضہ لے کر میٹرو پراجیکٹ مکمل کیا ہے، میں نے اگر چین سے قرضہ لیا تو آپ نے بھی ایشین بینک سے قرضہ لے کر بی آر ٹی بنائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومت سے قوم مایوس ہوچکی ہے، ن لیگ حکومت کے دور میں چینی 50 روپے فی کلو تھی ، آج 100 روپے فی کلو ہے، تحریک انصاف حکومت میں آٹا نایاب ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کی جائیدادوں پر کوئی بات کرنے کے لیے تیار نہیں، وزیراعظم عمران خان اور علیمہ خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا، بتایا جائے مالم جبہ کا کیس کیوں نہیں کھولا گیا؟ انہوں نے کہا کہ چینی اسکینڈل کے اصل ملزم عمران خان اور عثمان بزدار ہیں، ہماری معیشت کے ساتھ بھی بلدیہ فیکٹری جیسا حادثہ ہونے والا ہے۔

Facebook Comments