62

جنوری تک حکومت کو نہ ہٹایا گیا تو 50لاکھ لوگ اسلام آباد لاؤنگا، فضل الرحمن

سکھر۔ (  آوازچترال)جے یو آئی قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگر جنوری تک حکومت کو نہ ہٹایا گیا تو اسلام آباد میں 50 لاکھ لوگ اکٹھے کر کے عوامی طاقت سے ملک و عوام دشمن حکومت کو بوریا بستر گول کرنے پر مجبور کر دینگے۔   موجودہ حکمرانوں نے ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا کیا ہے۔ ماضی میں مہنگائی پر سیاست کرنے والوں نے ملک میں تاریخ کی بدترین مہنگائی کر کے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔  حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر کے تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیکر ملکی خود مختیاری، سلامتی کا سودا کر دیا ہے، اب استعماری قوتوں کی غلامی کو قانونی بنانے کیلئے بل پاس کرائے جا رہے ہیں، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔  ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو، صوبائی ناظم مفتی سعود افضل ہالیجوی، صوبائی جنرل کونسل کے ممبر مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔  سکھر میں مقامی ترجمان عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن 24 ستمبر جمعرات کو سکھر پہنچیں گے وہ جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر میں ہونے والے اہم صوبائی اجلاس میں شرکت کرینگے اور موجودہ حالات، سیاسی صورتحال اور اے پی سی کے بارے میں صوبائی جماعت کو بریفنگ دینگے۔  قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اور سینئر سیاسی قیادت نے اب اس ناجائز اور عوا و ملک دشمن حکومت سے ملک اور عوام کو نجات دلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب اس کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔  انہوں نے کہا کہ یہ حکمرانوں کا دماغی خلل ہے جب اس کے خلاف بات ہوتی ہے یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہ کرپشن کو بچانے اور انڈیا کو خوش کرنے کیلئے حکومت کو گرانا چاہتے ہیں اکتوبر میں جب ہم نے آزادی مارچ کیا تو اس وقت بھی یہی واویلہ کیا گیا تھا۔ جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں پہلے بھی ہمارے کارکن پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے اسلام آباد آئے تھے اب بھی پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے اسلام آباد آئینگے۔ البتہ شکایات ہیں جن کا ازالہ چاہتے ہیں اس کے خلاف منفی تاثر مت دیا جائے۔

Facebook Comments