59

60804 میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز (کل) بدھ کو کراچی بندرگاہ پہنچے گا،وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ

اسلام آباد  ( آوازچترال) وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے مطابق60804 میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز (کل) بدھ کو کراچی بندرگاہ پہنچے گا، درآمد شدہ گندم سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ منگل کو وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اگست 2020ء کو مٹھی میں نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کے خصوصی ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر برائے قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن ( ڈی پی پی) کا دورہ کیا تھا جس سے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی گندم کی درآمد میں سنجیدگی کا پتہ چلتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان اور جن ممالک سے گندم درآمد کی جا رہی ہے کے مابین مضبوط ہم آہنگی ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنی تقریر میں اپنی وزارت کی غیر معمولی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ پچھلے ہفتے وفاقی سیکریٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیقی عمر حمید خان نے کراچی کا فوری دورہ کیا تاکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ، گندم کے درآمد کنندگان، پلانٹ کوارنٹین حکام اور حکومت سندھ سمیت گندم کی درآمدی چین میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے آٹے کی بڑھتی قیمتوں کو روکنے کے لئے ملوں کو بروقت گندم کی فراہمی کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس حقیقت کا اعادہ کیا کہ گندم بنیادی خوراک ہے اور حکومت اسے عام عوام کی قوت خرید میں رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید تمام سٹیک ہولڈرز سے اس قومی مسئلہ میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ پہلے 8 جہاز جن میں 500,000 میٹرک ٹن گندم شامل ہے وہ ستمبر 2020ء کے آخری ہفتہ تک کراچی بندرگاہ پہنچیں گے۔

Facebook Comments