49

بروغل فیسٹویل…بروغل نیشنل پارک میں 5 تا 6 ستمبر منعقد کی جائے گی

پشاور(آوازچترال ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں دو روزہ بروغل فیسٹویل کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت اور کھیل نے فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ یہ فیسٹویل واخان کی پٹی پر واقع ضلع اپر چترال کے سرحدی علاقہ بروغل میں قائم بروغل نیشنل پارک میں 5 تا 6 ستمبر منعقد کی جائے گی۔ فیسٹویل میں مقامی روایتی کھیلوں ہارس پولو، یاک پولو، ڈونکی پولو، بزکشی، رسہ کشی، کشتی اور آتش بازی کے علاوہ فٹبال، کرکٹ اور میراتھن ریس کے مقابلے منعقد ہونگے۔ علاوہ ازیں فیسٹویل میں مقامی روایتی کھانوں کی نمائش اور محفل موسیقی سمیت قدیم واخی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لئے فیسٹویل کے مقام پر ایک ٹینٹ ویلج بھی قائم کیا جائے گا۔ علاقے کی مخصوص اور منفرد جعرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹویل ایڈونچر ٹوارزم کے شائقین کے لئے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں پر سیاح دیگر سرگرمیوں سے محضوض ہونے کے ساتھ گلیشئیرز، دریاوں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ سیاحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ بروغل فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنانے اور وہاں پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ترضروری تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کیے جائیں۔

Facebook Comments