104

پی آئی اے نے اندرون ملک کرایوں میں زبردست کمی کر دی

اسلام آباد (  آوازچترال) فضائی سفر بہت ہی سستا ہوگیا، پی آئی اے نے اندرون ملک کرایوں میں زبردست کمی کر دی، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان یکطرفہ سفر کا کرایہ 7 ہزار 879 روپے مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے اندرون ملک کی پروازوں کے کرایوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے قومی ائیرلائن کے حکام نے باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کے روٹس پر کیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ کراچی سے لاہور، اسلام آباد کے لیے کرایہ 7 ہزار 879 روپے مقرر کر دیا گیا۔ مسافروں کو ساتھ ہینڈ بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ اضافی سامان کی صورت میں 35 کلو وزن والے سامان کیساتھ کرایہ 8 ہزار 543 روپے ہوگا۔ اندرون ملک کے لیے پروازوں کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کا فوری اطلاق کی گیا ہے، تاکہ مسافروں کو ریلیف دیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نے گزشتہ ماہ بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کا کرایہ ساڑھے 9 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا تھا، جو اب مزید کم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی اور اندرون ملک فضائی آپریشن بحال کیا جا چکا ہے۔کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مارچ کے ماہ میں ملک کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فضائی آپریشن محدود پیمانے پر کھولا گیا، اور کچھ اندرون ممالک روٹس کیلئے بھی پروازیں شروع کی گئی تھیں۔ بعد ازاں پھر حکومت نے لاک ڈاون کے خاتمے کے بعد اندرون ملک پروازیں بحال کر دی تھیں، جبکہ اس کے بعد بین الاقوامی پروازیں بھی بحال کر دی گئیں۔

Facebook Comments