76

کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم

پشاور( آوازچترال نیوز)وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر نے پیر کے روز صوبائی کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دیدی۔ ان ترامیم کا مقصد صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے تعمیرات اور نجی ہاؤسنگ کے شعبوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینا ہے۔ ان ترامیم کے ذریعے صوبے میں نجی ہاؤسنگ سکیم شروع کرنے کے لئے این او سی کے حصول اور بلڈنگ پلاننگ کے منظوری کے علاوہ دیگر تمام پیچیدہ مراحل کو سہل اور آسان بنادیاگیاہے تاکہ ان شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔ ترامیم کے ذریعے نجی سرمایہ کاروں اور صارفین کے تمام حقوق کو بھی قانونی تھفظ فراہم کیا گیا ہے۔ اجمل وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے سرکاری سطح پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے لئے باقاعدہ طریقہ کار کی منظوری دیدی۔ طریقہ کار کے مطابق جن مفاہمت کی یاداشت میں مالی اخراجات یا سرکاری فنڈنگ کے امور شامل ہوں ان کی کابینہ سے پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔ تاہم جہاں پر صرف تکنیکی معاونت درکار ہو وہاں پر وزیراعلیٰ سے سمری کے ذریعے منظوری لی جائیگی۔ نئے طریقہ کار کے مطابق محکمے ڈونرز کے ساتھ براہ راست ایم او یوز دستخط کرنے کے مجاز نہیں ہونگے۔   انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا مائینز اینڈ منرلز ایکٹ 2017 میں بھی ضروری ترامیم کی منظوری دیدی جس کے تحت منرلز ٹائیٹل کمپنی میں دو ممبران کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کابینہ نے باغ ڈھیری ایریگیشن سکیم ضلع سوات کا نام تبدیل کرکے شموزئی ایریگیشن سکیم رکھنے کی بھی منظوری دیدی۔

Facebook Comments