تازہ ترین

بنک منیجر وں کوچیمبر آف کامرس کے شانہ بشانہ اپنا رول نبھانا ہوگا۔سرتاج احمدخان

چترال (نمائندہ آوازچترال) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقے میں تجارت اور صنعت وحرفت کی ترقی میں بنکوں کا کردار سب سے بنیادی اہمیت کا حامل اور حساس نوعیت کا ہوتا ہے اور چترال میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بنکوں کی اہمیت اور ذمہ داری اور بھی ذیادہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سرگرمیوں میں بنکوں کے انتظامیہ کو خاص مقام دیا ہے اور ان کے ساتھ اس سلسلے میں رابطہ کار قائم کی جارہی ہے۔ چترال کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ بنک منیجرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال کو تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کا گڑھ بنانے کے لئے راہیں ہموار ہوتی جارہی ہیں اور ان کاوشوں میں بنک منیجر وں کوچیمبر آف کامرس کے شانہ بشانہ اپنا رول نبھانا ہوگا اور آج کی اس نشست ان کاوشوں کی ایک کڑی ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈروں کواس طرف متحرک کیا جارہا ہے۔ اجلاس کووڈ19کی عالمی وبا ء کے بعد تجارتی منظر نامہ میں تبدیلی اور مشکلات کا ادراک اور مسائل کے لئے ممکنہ حل تلاش کرنے، چترال میں مختلف بنکوں کی شاخوں میں کیش کی کمی، فارن ایکسچنج کی عدم دستیابی، ون ونڈو اپریش کا مسئلہ، چھوٹے کاروباری حضرات کو چھوٹے اور درمیانی درجے کی مالیاتی کی فراہمی جیسے مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ چترال کے معروف بنکر عدنان زین العابدین کی ایکسپرٹ رائے کی روشنی میں انجام پانے والی اپنی نوعیت کی اس کانفرنس میں جہاں دوسرے مسائل زیر غور آئے، ان میں ارندو اور شاہ سلیم کے مقامات پر بنک بوتھ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جوکہ رواں سال کے اندر کسی بھی وقت افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے باضابطہ طور پر کھولے جارہے ہیں۔ کانفرنس میں اپر چترال کے نئے ضلع کے لئے الگ ٹریژری آفس اور اے ٹی ایم کی سہولیات بھی زیر غور لایا گیا۔اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے پشاور کے چیف ایگزیکٹواحسان مرزا کا خطاب ویڈیو لنک میں فنی خرابی کے باعث منقطع ہوا جس نے اپنے ابتدائی کلمات میں اس کانفرنس کوعلاقے کیلئے نہایت مفید قرار دیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال کے صدر نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ اور چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاریخ کی اس موڑ میں چترال چیمبر آف کامرس کی کوششوں پر سرتاج احمد خان کی گرانقدر خدمات پر انہیں مبارک باد دی۔ کانفرنس میں ارشاد یفتالی منیجر خیبر بنک اسلامی برانچ، حبیب میٹروبنک کے ظہورالدین، بنک الحبیب کے شمس الرحمن، میزان بنک کے سریر الدین، حبیب بنک کے معظم علی، ایم سی بی کے محمد شریف، بنک آف خیبر کے اسمار الدین، نیشنل بنک کے محمد قاسم، ایم سی بی اسلامک برانچ کے جاوید حسین اور چترال پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالغفار بھی موجود تھے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button