تازہ ترین

مہاجرین کے قیام میں مزید ایک سال کی توسیع کا امکان

اسلام آباد (آوازچترال رپورٹ) ملک بھر میں قیام پذیر 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈ کی مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے، وفاقی کابینہ نے جون2019 میں افغان مہاجرین کے پی او آر کارڈ میں ایک سال کی توسیع کی تھی جس کی معیاد یکم جولائی کو ختم ہوگی۔یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان کا کہنا تھا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کے قیام کی توسیع کے حوالے سے حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے حکومت موجودہ کوویڈ-19 کی صورت حال کے پیش نظر ایک بار پھر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں ایک سال کی مزید توسیع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی طویل میزبانی کرنے والا دنیا کا واحد ملک ہے جو گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور مہاجرین کو ملک میں تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں اور سہولیات میسر ہیں۔قیصر خان نے کہا کہ کوویڈ-19 کے باعث یو این ایچ سی آر نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر موخر کیا تھا اور یو این ایچ سی آر کے پشاور اور کوئٹہ میں رجسٹریشن مراکز بند ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button