49

جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن انتقال کر گئے

کراچی (  آوازچترال نیوز) جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن انتقال کر گئے۔ان کی طبعیت کئی دنوں سے ناساز تھی۔11جون کو جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن کی طبیعت ناساز ہونے پر آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مقامی ہسپتال میں زیر علاج سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی عیادت بھی کی تھی۔اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کی جہدوجہد میں گزاری ، آپ نہ صرف تحریک اسلامی بلکہ پوری دنیا میں اسلام کے غلبہ کے لیے مصروف تحریکوں کے لیے راہ نما ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم مستقل نگرانی اور رابطے میں ہے، سید صاحب کی صحت کے لیے جو ممکن ہوا انشاءاللہ کیا جائے گا۔ ٹویٹر پیغام میں امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان کی جانب سے جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن کے لئے دعا بھی کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہمارے سید صاحب کو شفائے کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین۔ ۔تاہم سید منور حسن اب ہم میں نہیں رہے۔ خیال رہے کہ منور حسن جماعت اسلامی کے سابق امیر رہ چکے ہیں۔انہوں نے بطور امیر جماعت اسلامی اپنی ذمہ داریاں مارچ 2009 میں سنبھالی تھیں جس کے بعد وہ مارچ 2014 تک جماعت اسلامی کے امیر رہے تھے۔ 1941 میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہونے والے منورحسن نے جماعت اسلامی کے رکن ہونے کی حیثیت سے پاکستان کی فلاح وبہبود کے لئے خوب کام کیا ہے جس کا اندازہ ہر اس انسان کو آج بھی ہے جنہوں نے انہیں کام کرتے دیکھا ہے یا ان کے بارے میں پڑھا ہے۔ ان کا شمار جماعت اسلامی کے ان ارکان میں ہوتا ہے جنہیں شاید کبھی بھولا نہیں جا سکتا۔ ان کا طرز گفتگو ان کی پہچان تھا۔ تاہم آج وہ انتقال کر گئے ہیں۔سابق امیر جماعت اسلامی منور حسن کے انتقال پر مختلف سیاسی وسماجی شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کے بلند درجات کی دعا کی جا رہی ہے،

Facebook Comments