74

وزیراعظم کی بلدیاتی الیکشن کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور( آوازچترال نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی الیکشن کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لوکل باڈیز نظام کو جلد فعال کرنے کیلئے الیکشن ضروری ہیں،مقامی الیکشن رواں سال کے آخر میں کروائے جاسکتے ہیں، 45 دنوں میں مکمل ہوں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت لوکل باڈیز انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں مقامی حکومتوں کے نظام اورانتخابات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب، وزراء اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ولیج پنچایت الیکشن اور لو کل باڈیز الیکشن مقررہ وقت پر کیے جائیں گے۔ صوبائی الیکشن کمیشن اگلے ماہ سے 60 دنوں میں حلقہ بندیاں مکمل کرلے گا۔ حلقہ بندیوں کے بعد ولیج اور پنچایت کی سطح پر الیکشن کروائے جاسکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات رواں سال کے آخر میں کروائے جاسکتے ہیں۔ مقامی الیکشن 45 دنوں میں مکمل ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوکل باڈیز نظام کو جلد فعال کرنے کیلئے الیکشن کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا اور ٹڈی دل کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور میں لوگوں کو بتانے آیا ہوں کہ احتیاط کریں، اگر احتیاط نہیں کریں گے تو وائرس پھیلے گا۔ میں لوگوں کو کہتا ہوں کہ احتیاط کریں، اگر وائرس پھیلے گا تو بزرگو ں اور لوگوں کو خطرے میں ڈالیں گے۔ میں آج اس نتیجے پر پہنچا ہوں، کہ سختی کرنا پڑے گی، ہم مکمل لاک ڈاؤن نہیں کریں گے بلکہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں کو لاک ڈاؤن کریں گے، ان علاقوں میں ٹائیگر فورس کے ذریعے عمل کروائیں گے، ہم نے اس کا پھیلاؤ روکنا ہے۔ فیصلہ کیا ہے کہ ایس اوپیز پر پوری طرح عمل کروائیں گے۔ پہلی چیز ماسک ہے، کسی بھی جگہ پر ماسک کے بغیر لوگوں کو نہیں جانے دینا۔آج ہم اس جگہ پر کھڑے ہیں کہ ہمارے لیے مشکل وقت ہے۔

Facebook Comments