57

مسجد نبوی کو45دن بعد کھول دیا گیا‘پہلے ہی دن لاکھوں افراد نمازفجر اداکرنے پہنچ گئے

مدینہ منورہ(  آوازچترال نیوز) سعودی عرب کی حکومت نے 20 دن سے زائد دن تک ملک بھر میں کرفیو نافذ کرنے کے بعد 26 مئی سے کرفیو و لاک ڈاﺅن کو نرم کردیا تھا. سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام ریاستوں اور علاقوں سے جزوی طور پر کرفیو کو ختم کردیا تھا جب کہ اس سے قبل ہی سلسہ وار حکومت نے لاک ڈاﺅن کو نرم کرنا شروع کیا تھا سعودی حکومت نے مئی کے اختتام تک لاک ڈاﺅن میں مزید نرمیاں کرتے ہوئے جہاں مساجد کو عام افراد کے لیے کھول دیا تھا، وہیں دیگر کاروباروں کو کھولنے کی اجازت بھی دی تھی. تاہم کرفیو و لاک ڈاﺅن کو نرم کیے جانے کے بعد وہاں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور 2 جون سے 3 جون کے درمیان 24 گھنٹوں کے اندر 1800 سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے‘عرب نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے تصدیق کی کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1869 نئے کیسز رپورٹ ہوئے. ترجمان کے مطابق نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 89 ہزار سے زائد تجاوز کر گئی جب کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے 138 افراد ہلاک ہوگئے ترجمان نے بتایا کہ نئی ہلاکتوں کے بعد سعودی عرب میں ہلاکتوں کی تعداد 549 تک جا پہنچی جب کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 17 ہزار 340 مریض صحت یاب ہوئے ہیں.ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کے 70 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور مجموعی طور پر صحت یاب مریضوں کی تعداد 65 ہزار 790 تک جا پہنچی ہے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ سعودی عرب میں اس وقت محض 22 ہزار 667 مریض کورونا میں مبتلا ہیں جن میں سے 1264 افراد انتہائی علیل یا تشویش ناک حالت میں ہیں وزارت صحت کے ترجمان نے ملک میں بڑھتے کیسز کو کرفیو یا لاک ڈاﺅن کو نرم کرنے سے نہیں جوڑا اور بتایا کہ وزارت صحت وبا پر قابو پانے کے لیے تمام تر وسائل خرچ کر رہی ہے‘مدینہ منورہ میں واقع مسجد نبوی کو بھی 31 مئی کے روز کھول دیا گیا اور تقریبا 45 دن بعد پہلی بار عام نمازی افراد مسجد میں داخل ہوئے.سعودی گزٹ کے مطابق حرمین شریفین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسجد نبوی کے کھلنے کے پہلے ہی روز 93 ہزار 774 نمازیوں نے وہاں نماز ادا کی‘رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد نبوی کے 11 دروازے 31 مئی کی صبح کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل ہی کھول دیے گئے تھے اور تمام نمازیوں کو سخت حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کے بعد ہی مسجد میں جانے کی اجازت دی گئی. مسجد کے کھلنے کے پہلے ہی دن سب سے زیادہ 40 ہزار سے زائد نمازیوں نے مغرب کی نماز ادا کی اور اس دوران سماجی فاصلے کو اختیار کیا گیا خیال رہے کہ مسجد نبوی سمیت سعودی عرب کی دیگر مساجد کو 20 مارچ کو بند کیا گیا تھا، تاہم 30 اور 31 مئی کے بعد سعودی عرب کی ہزاروں مساجد کو کھول دیا گیا.

Facebook Comments