76

خیبر پختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا اور لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں اس بارعید الفطر سادگی سے منانے کافیصلہ کیاہے اس سلسلہ میں گورنرہاؤس اوروزیر اعلیٰ ہاؤس میں عید ملن کی کوئی تقریب نہیں ہوگی جبکہ تمام وزراء،مشیروں،معاونین خصوصی،پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی اس سلسلہ میں خصوصی ہدایات جاری کی جارہی ہیں وزیر اعلیٰ محمود خان احتیاطی تدابیر کے طورپرخود بھی کسی سے عید نہیں ملیں گے اور جبکہ دیگر حکومتی زعماء اور کو بھی اس حوالہ سے خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ بھی اپنے حجروں میں عید ملنے سے گریز کریں ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے کیاہے جس کامقصد حکومتی احتیاطی تدابیر پر عملدر آمداور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کو ممکن بناناہے وزیر اعلیٰ کے مطابق حکومتی زعماء کو اس سلسلہ میں خو د مثال بننا ہوگا کیونکہ کورونا سے لاحق خطرات ابھی کم نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں جلد ہی باضابطہ طورپر ایک سرکلر کے ذریعہ تمام وزراء،مشیروں،معاونین خصوصی اور اراکین اسمبلی کو سرکلر جار ی کیاجارہاہے جس میں ان کو تاکید کی جائے گی کہ حکومتی احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اس بار عید سادگی سے منائیں اور حجروں میں عید ملنے سے گریز کریں اس حوالہ سے رابطہ پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ حکومت کے لیے عوام کی صحت اور زندگی سب سے زیادہ مقدم ہے عید سادگی سے منانے کامقصد انسداد کورونا مہم کو کامیاب بناناہے انہوں نے کہاکہ وہ خودبھی سادگی سے عید منائیں گے اور تمام حکومتی زعماء کو بھی اس حوالہ سے ہدایات جاری کی جارہی ہیں انہو ں نے کہاکہ کورونا کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقراررکھنا بہت ضروری ہے اس سلسلہ میں بے احتیاطی سے مسائل میں اضافہ ہوسکتاہے۔

Facebook Comments