خیبرپختونخوا میں عید کے فوراً بعد ضلعی عدالتیں کھولنے کا فیصلہ

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ)خیبرپختونخوا میں عیدالفطر کے فورا بعد ضلعی عدالتیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے جبکہ عدالتی کارروائیوں کو معمول پر لانے کیلئے 30مئی کو آن لائن اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے پشاورہائیکورٹ کے رجسٹرار وجیہہ الدین کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایکس کیڈر ججز اور تمام سینئر سول ججز (ایڈمن) کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مجاز حکام کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سینئر سول ججز (ایڈمن) کو عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد فوری طور پر چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تاکہ عدالتی کارروائیوں کو معمول پر لانے،کازلسٹ سے متعلق ٹائم مینجمنٹ کے علاوہ عدالت آنے والے موکلوں، بارممبرز اور عدالتی عملے کے درمیان سماجی دوری کو بھی یقینی بنایاجاسکے پشاورہائیکورٹ اعلامیہ کے مطابق ان معاملات پر بات چیت کیلئے 30مئی 2020کو آن لائن اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں تمام متعلقہ جوڈیشل افسران ودیگرافسران شرکت کریں گے واضح رہے کہ کورونا وباء کے باعث ضلعی عدالتوں کو 24مارچ سے بند کردیا گیا تھاجس کے بعد ان عدالتوں میں صرف اہم نوعیت کے کیسز پر ہی سماعت کی جارہی ہے۔