تازہ ترین

نیب نے اپنا دائرہ کار بہت وسیع کر لیا ہے جس سے وزیر اعظم عمران خان بھی مطمئن نہیں ہیں: فواد چوہدری

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) نیب نے اپنا دائرہ کار بہت وسیع کر لیا ہے جس سے وزیر اعظم عمران خان بھی مطمئن نہیں ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نیب کے وسیع اختیارات سے مطمئن نہیں ہیں، نیب ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، وزیر اعظم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ نیب اپنا دائرہ کار اتنا نہ پھیلائے کہ ان کو پتہ ہی نہ چلے کہ کون سا کیس کدھر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ نیب میں چئیرمین سے لے کر چپڑاسی تک کوئی تعیناتی تحریک انصاف حکومت نے نہیں کی ہے اور ان کے پاس کیسز بھی ہماری حکومت کے آنے سے پہلے کے ہیں۔ نیب نے اپنا دائرہ کار اتنا وسیع کر لیا کہ روزانہ ایک نئی گرفتاری اور نیا کیس نکل رہا ہے۔ نیب کے وسیع دائرہ کارسے نہ وزیر اعظم مطمئن ہیں اور احتساب کا جو عمل چل رہا ہے اُس سے نہ تحریک انصاف کے کارکن خوش ہیں۔   فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں اور اگر کرونا کی وبا کے حالات پیدا نہ ہوتے تو حکومت اب تک نیب کے قوانین میں ترمیم کر چکی ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں غیر معمولی کیسز کی غیر معمولی تحقیقات کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیرِاعظم عمران خان سے وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد نے ملاقات کی۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو ’’میڈ ان پاکستان انیشیٹیو‘‘ (منصوبی) کے بارے میں بریف کیا۔ وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کورونا وائرس کے حوالہ سے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات مثلاً مختلف قسم کے ماسک، حفاظتی لباس و دیگر مصنوعات کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے میڈ ان پاکستان منصوبے، کورونا وائرس سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری و دیگر اقدامات پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت کی کارکردگی کو سراہا۔ ملاقات میں وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے بائیو ٹیکنالوجی پارک کے قیام اور زرعی آلات کی تیاری جیسے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button