211

اگلے چند روز کے دوران طوفانی بارشیں ہوں گی، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز ) اگلے چند روز کے دوران طوفانی بارشیں ہوں گی، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے 3 سے 6 مئی تک این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 4 روز کے دوران ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ہفتہ کو اس حوالے سے جاری ایڈوائزری کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتوار سے بدھ کے روز تک ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے موسمیاتی حالات کے پیش نظر کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی تلقین کی ہے۔   موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق  خیبرپختونخواہ کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ہفتے کی شب کو سوات کے علاقے میں مسلسل کئی گھنٹے تک طوفانی بارش نے تباہی مچا دی اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ طوفانی بارش کے باعث کئی علاقوں سے مکانات کی چھتیں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ واضح رہے کہ ملک میں اپریل کے ماہ میں غیر متوقع بارشوں کے باعث تاحال گرمی کی شدت میں زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔ جبکہ اب مئی کے ماہ میں بھی غیر متوقع بارشوں کے سلسلے کے آغاز سے موسم کی صورتحال بہتر رہنے کا امکان ہے۔

Facebook Comments