کینیا:غربت کے باعث ماں نے بھوکے بچوں کو سلانے کے لیے پتھر پکادیئے

آوازچترال رپورٹ
مشرقی افریقی ملک کینیا کی ایک مجبور ماں کی جانب سے بھوکے بچوں کو سلانے کے لیے پتھروں کو کھانے کے طور پر پکائے جانے کے واقعے نے حساس دل لوگوں کو جھنجھوڑ دیا۔ کینیا کے دوسرے بڑے شہر ممباسا کی ایک بیوہ ماہ نے 30 اپریل کو بھوک سے نڈھال اپنے 8 کم سن بچوں کو سلانے اور انہیں دھوکا دینے کی غرض سے ہانڈی میں پتھر ڈال کر اسے چولہے پر چڑھا دیا تاکہ ان کے بچے اس آسرے میں رہیں کہ ان کی ماں ان کے لیے کھانا تیار کر رہی ہیں اور وہ اسی انتظار میں سو جائیں۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے واقعے کو سنتے ہی کئی حساس دل لوگ اشکار ہوگئے اور ایک پڑوسی کی مدد سے بچوں کے لیے پتھر پکانے والی ماں کو کینیا بھر سے لوگوں نے امداد بھجوادی۔ 8 بچوں کی بیوہ ماں پنینا بہتی کٹساو نے اس وقت پتھروں کو پکایا جب ان کے بچے بھوک سے نڈھال ہونے کے بعد ان سے کھانا طلب کر رہے تھے مگر ان کے پاس انہیں کھلانے کو کچھ نہ تھا تو انہوں نے بچوں کو دھوکا دینے کی غرض سے پتھروں کا ہانڈی میں پکانا شروع کیا۔ مذکورہ خاتون کے شوہر گزشتہ سال دہشت گردوں کی جانب سے مارے گئے تھے، جس کے بعد خاتون گھروں میں کام کرکے گزر سفر کر رہی تھیں۔ بیوہ خاتون گھر گھر جاکر کپڑے دھوتی تھیں اور اس سے ہونے والی کمائی سے اپنے گھر کے اخراجات چلاتی تھیں مگر کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون نافذ ہونے کی وجہ سے ان کا کام رک گیا اور ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ بیوہ خاتون بجلی اور پانی کی سہولت کے بغیر والے 2 کمروں کے گھر میں رہتی ہیں اور انہوں نے 30 اپریل کو جب ہانڈی میں پتھر پکائے تو ان کے بچوں نے کھانے میں تاخیر ہونے پر رونا شروع کیا تو ایک پڑوسی خاتون یہ جاننے کے لیے ان کے گھر آئیں کہ ان کے بچے اتنا کیوں رو رہے ہیں۔ پڑوسی خاتون نے ہی میڈیا سمیت دیگر افراد کو مطلع کیا کہ بیوہ خاتون نے بچوں کو سلانے کے ہانڈی میں پتھر پکائے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں نے ہانڈی چڑھانے کے بعد متعدد بار ان سے کھانے کے حوالے سے دریافت بھی کیا اور پوچھا کہ وہ کیا تیار کر رہی ہیں، تاہم وہ بچوں کے سوالوں پر خاموش رہیں، کیوں کہ انہیں پتہ تھا کہ درحقیقت وہ کچھ نہیں پکا رہیں۔ بیوہ خاتون نے بتایا کہ پڑوسی خاتون نے ان کی مدد کی اور انہوں نے دیگر افراد کو بھی واقعے سے متعلق بتایا جب کہ انہوں نے انہیں موبائل پر اکاونٹ بھی کھول کر دیا جس پر کینیا بھر سے لوگوں نے پیسے بھیجنا شروع کردئیے ہیں۔ بیوہ خاتون نے کینیا بھر سے مدد ہونے کو معجزہ قرار دیا اور پڑوسی خاتون سمیت ان تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے ان کی مدد کی۔ خیال رہے کہ کینیا کی حکومت نے مارچ سے لاک ڈاون نافذ کیے جانے کے بعد غریب لوگوں کو گھروں تک راشن اور اشیائے ضروری پہنچانے کے منصوبوں کا بھی آغاز کر رکھا ہے، تاہم تاحال اس منصوبے سے لاکھوں لوگ مستفید ہونے سے محروم ہیں۔